پنجاب پولیس ریفارمز کمیٹی کے چیئرمین اور سابق آئی جی خیبرپختونخواہ ناصر درانی نے
آئی جی پنجاب طاہر خان کی تبدیلی کے معاملے پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ناصر درانی کو پولیس میں عدم مداخلت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے پنجاب پولیس میں اصلاحات کا خصوصی ٹاسک دیا گیا تھا تاہم آئی جی پنجاب کی تبدیلی کے سارے معاملے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پنجاب کے آئی جی پولیس طاہر خان کو ایک ماہ دو دن بعد ہی تبدیل کردیا اور ان کی جگہ سابق آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کو تعینات کیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومتی احکامات نہ ماننے کے باعث آئی جی پنجاب کو تبدیل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب سے ادارہ جاتی معاملات پر تساہل ہوا ہے، طاہر خان نے حکومتی ٹاسک کو پورا نہیں کیا۔
یہ بھی ضرور پڑھیں : عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر نظرثانی درخواست سماعت کیلئے مقرر
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کے اس نوٹیفکیشن کو معطل کر دیا اور چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس طاہر خان کی تبدیلی کا نوٹس لے کر الیکشن کمیشن سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے 2 روز میں وضاحت طلب کر رکھی ہے۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں