They are 100% FREE.

پیر، 15 اکتوبر، 2018

حکومت سے جیتی ہوئی مزید نشستیں چھن جانے کا امکان

الیکشن کمیشن نے چکوال اور نوشہرہ میں خواتین کے ووٹوں کی انتہائی کم شرح کا نوٹس لے لیا


اسلام آباد (۔15 اکتوبر 2018ء) حکومت سے جیتی ہوئی مزید نشستیں چھن جانے کا امکان، الیکشن کمیشن نے چکوال اور نوشہرہ میں خواتین کے ووٹوں کی انتہائی کم   شرح کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق  الیکشن کمیشننے گزشتہ روز ہونے والے ضمنی الیکشن کے بعد پنجاب میں چکوال اور خیبرپختونخواہ میں نوشہرہ میں خواتین کے ووٹوں کی انتہائی کم شرح کا نوٹس لے لیا۔


دونوں حلقوں کے ضمنی انتخابی نتائج کالعدم قرار دیئے جانے کا امکان ہے۔ قوانین کے مطابق خواتین کے ووٹ کاسٹ کا ٹرن آؤٹ اگر 10 فیصد سے کم ہوا تو الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کالعدم قرار دے دیئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چکوال کے حلقہ این اے 65میں چار پولنگ سٹیشنز پر ایک بھی خاتون نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
چکوال کے پولنگ سٹیشنز 402، 404، 405، اور 406 میں کسی ایک خاتون نے بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔ گزشتہ روز الیکشن کے دوران صوبائی الیکشن کمشنر نے علاقے کا دورہ بھی کیا تھا اور خواتین کی جانب سے ووٹ کاسٹ نہ کیے جانے کے معاملے کا نوٹس لیا تھا۔ دوسری جانب خیبرپختونخواہ کی صوبائی نشست پی کے 61نوشہرہ میں علاقے کی خواتین کو مقامی جرگے نے ووٹ کاسٹ کرنے سے روک دیا۔ اس حوالے سے آر اوز نے علاقہ معززین سے مذاکرات کئے لیکن اس کے باوجود خواتین کو ووٹ ڈالنے کا حق نہیں دیا گیا۔ اب الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے ان دونوں حلقوں کے نتائج سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔ ممکنہ طور پر تحریک انصاف اور ق لیگ کی جانب سے جیتی گئی ان نشستوں کے انتخابی نتائج کالعدم قرار دیے جا سکتے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں