They are 100% FREE.

پیر، 24 ستمبر، 2018

وزرا ہفتے میں سات دن کام کریں کوئی چھٹی نہیں ہو گی ،ماضی کے تمام بڑے پراجیکٹس کا آڈٹ کرایا جائے گا:وزیر اعظم عمران خان



لاہور: وزیراعظم عمران خان نے حکم دیا ہے کہ وزرا کے لیے کوئی چھٹی نہیں ہوگی اور وہ ہفتے میں سات دن کام کریں گے، تمام بڑے بڑے پراجیکٹس کا آڈٹ کرایا جائے گا اور گذشتہ دس سالوں کی ایک ایک چیز عوام کے سامنے لائی جائے،انہوں نے ہدایت کی کہ  آج تک جتنی عمارتوں میں آگ لگی ہے ان کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنائی جائے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں، ہم نے لوگوں کو نئی سوچ دی اور انسانوں کی ترقی پر توجہ دی۔
نجی ٹی وی چینل ’’ہم نیوز ‘‘کے مطابق وزیراعظم  عمران خان نے پنجاب کی صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی جس میں انہیں حکومت کے پہلے سو دن کے ایجنڈے پر اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم عمران خان نے تمام وزرا کو اپنے محکموں کا جائزہ لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو بتائیں کہ آپ کے محکمے کے کیا حالات ہیں؟ اور تمام شعبوں کے حالات عوام کے سامنے رکھیں، عوام کوبتائیں کہ حکومتی ادارے کس طرح قرض میں ڈوبے پڑے ہیں؟مسائل کے حل کے لیے آؤٹ آف باکس حل تجویز کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کو آپ سے بے شمار توقعات ہیں اورانہیں پرانی سیاست کی توقع بالکل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے بہت قرض لیا اور حاصل شدہ قرض کے سود کی ادائیگی کے لیے مزید قرضہ لینا پڑتا ہے۔وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ ہم نے ماضی کی کرپشن کو بے نقاب کرنا ہے توعوام کو بتائیں کہ کس طرح غریب عوام کے پیسے پر حکمران شاہانہ زندگیاں گزارتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ  تمام بڑے بڑے پراجیکٹس کا آڈٹ کرایا جائے گا اور گذشتہ دس سالوں کی ایک ایک چیز عوام کے سامنے لائی جائے۔وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دی کہ ضلعی زکوٰۃ کمیٹیوں کو فعال کیا جائے اور زکوٰۃ و بیت المال کی تقسیم کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے، وزیرعلیٰ آفس میں عوام کی سہولت کے لیے شکایتی سیل قائم کیا جائے تاکہ عوام اورعوامی نمائندوں کی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ حقیقی تبدیلی اس وقت آئے گی جب نچلی سطح پر اختیارات کو منتقل کرکے عوام کو با اختیار بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں لوکل باڈیز نظام کو حتمی شکل دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختوانخوا میں عوام کی بہتری پر توجہ دی جس کا نتیجہ تھا کہ عوام نے ہمیں دوبارہ منتخب کرکے اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ان کا دعویٰ تھا کہ پی ٹی آئی نے حکومتی اداروں میں سیاسی مداخلت کے خاتمے کی روایت ڈالی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صحت، تعلیم اور پولیس میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کیا تو اس  کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں