نئی دہلی : قرآنِ کریم زندہ جاوید معجزہ ہے،اللہ تعالیٰ نے اس کی حفاظت کی ذمہ داری خود لی ہے اور اس کے لیے مختلف طریقے رائج فرمائے جن میں سب سے اہم حفظِ قرآن مجید ہے۔ہر دور میں ایک بڑی تعداد حفاظ کی فراغت پارہی ہے، کم عمری میں حافظ قرآن بننے کے مثالیں کثرت سے ملتی ہے لیکن کم وقت میں حفظِ قرآن کی تکمیل کی مثالیں نایاب ہیں،ہندوستان کے مشہور دینی ادارے جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے شعبہ حفظ سے مولوی جعفر صوان رکن الدین ندوی نے صرف 49 دنوں میں حفظ قرآن کی تکمیل کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی مشہور دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے ایک طالب علم مولوی جعفر صوان نے 49دنوں میں حفظ قرآن کی سعادت سے مالا مال ہوکر بھارت کی تاریخ میں مختصر ترین دنوں میں حفظ کرنے والے پہلے طالب علم کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے ، اس سے قبل جامعہ اسلامیہ کے ہی ایک طالب علم نے 55دنوں میں قرآن پاک کو حفظ کیا تھا۔مولوی جعفر صوان کے جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے شعبہ حقظ قرآن کے استاد مولانا ساجد مومن ندوی کا کہنا تھا کہ میرا یہ طالب علم بہت ہی محنتی تھا جس کی وجہ سے اس نے اتنے کم عرصہ میں قرآن پاک کو حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر لی ، وہ قرآن پاک کا ایک یا آدھا پارہ روزانہ کے حساب سے مجھے سناتے تھے۔قرآن کریم کو مختصر ترین مدت میں حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرنے والے طالب علم مولوی صوان کا بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’’یہ سب اللہ تعالی کے فضل سے ہی ممکن ہوا ہے جبکہ ان کے استاذ کی خاص توجہ کا بھی اس میں کافی دخل ہے جس کی وجہ سے وہ اتنے کم دنوں میں قرآن پاک کو مکمل حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر پائے ،یہ نعمت اللہ کے فضل اور محنت سے ہی حاصل ہوئی ہے اور اس میں دعاؤں کا بھی خاص دخل ہے۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں