They are 100% FREE.

جمعہ، 20 دسمبر، 2019

اداروں کے درمیان تناؤ بڑھ گیا، ایک دوسرے کو طاقت دکھا رہے ہیں، سراج الحق


امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اداروں کے درمیان تناؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا، ادارے ہم آہنگی کے بجائے ایک دوسرے کو طاقت دکھا رہے ہیں۔
سراج الحق مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری کو اقوام متحدہ کی طرف سے سفیرِ امن بننے پر ان کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔
اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بڑے ادارے اپنے مفادات کے اسیر ہوگئے ہیں، لوگ ریٹائرمنٹ کے بعد پرویز مشرف کو فوج کا حصہ نہیں سمجھتے۔
انہوں نےکہا کہ لوگ فوج کے ساتھ محبت کرتے اور مضبوط فوج کو پاکستان کی ضرورت سمجھتے ہیں۔
سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے عمل کے خود ذمہ دار ہیں، لوگ اس وقت فوج کے بارے میں نہیں بلکہ صرف پرویز مشرف کے بارے میں تبصرہ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جن کے دور میں پرویز مشرف پروٹوکول کے ساتھ گئے، وہ آج جمہوریت کے چیمپئن بنے ہوئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے حکمران امریکا کے سامنے سجدہ ریز ہے، مشائخ خانقاہوں سے نکل کر امت کی رہنمائی کریں۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت نے اندرونِ ملک مذاق بنایا ہوا ہے، جبکہ بیرون ملک معاملات کو کھلونا بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترک صدر طیب اردوان اور ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کانفرنس میں عدم شرکت پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں