They are 100% FREE.

جمعہ، 25 اکتوبر، 2019

حکومت مولانا فضل الرحمان کو روکنے کی کوششیں کرتی رہ گئی، 3 لاکھ افراد پہلے ہی اسلام آباد پہنچ گئے

حکومت مولانا فضل الرحمان کو روکنے کی کوششیں کرتی رہ گئی، 3 لاکھ افراد ..
اسلام آباد : حکومت مولانا فضل الرحمان کو روکنے کی کوششیں کرتی رہ گئی، 3 لاکھ افراد پہلے ہی اسلام آباد پہنچ گئے، نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جے یو آئی ف اور اپوزیشن جماعتوں کے لاکھوں لوگ پہلے ہی اسلام آباد اور راولپنڈی پہنچ چکے اور اپنے رشتے داروں، دوستوں کے ہاں قیام کیے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اخبار میں شائع کردہ کالم میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن جماعتوں کے لاکھوں بندے وفاقی دارالحکومت کو لاک ڈاون کرنے کیلئے پہلے ہی اسلام آباد اور راولپنڈی پہنچ چکے ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ 3 لاکھ کے قریب لوگ اس وقت اسلام آباد اور راولپنڈی میں اپنے دوست احباب کے گھروں میں قیام کیے ہوئے ہیں، اور جوں ہی مولانا فضل الرحمان کا مارچ اسلام آباد پہنچے گا، یہ باہر نکل آئیں گے۔
گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کو اس حوالے سے جب آگاہ کیا گیا، تو انہوں نے کسی قسم کا دباو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ کسی صورت مستعفی نہیں ہوں گے۔ دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کا مارچ کب اور کہاں سے نکلے گا اس حوالے سے ان کی جماعت نے باقاعدہ منصوبہ بندی بھی کر لی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف اپوزیشن جماعتوں کا مارچ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں 27 اکتوبر کو سراب گوٹھ کراچی سے شروع ہوگا۔
باوثوق ذرائع کے مطابق جمیعت عمائے اسلام (ف) کے حکومت مخالف آزادی مارچ کا پہلا پڑاؤ سکھر میں ہوگا ۔ سندھ اور بلوچستان سے آنے والے قافلے سرائیکی وسیب کےضلع رحیم یارخان کی تحصیل صادق آباد سے پنجاب میں داخل ہوں گے۔ متحدہ اپوزیشن کا آزادی مارچ 29 تاریخ کو ملتان پہنچے گا اور شرکاء وہیں رات قیام کریں گے۔ 30 اکتوبر کو آزادی مارچ ملتان سے لاہور کے لیے روانہ ہوگا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے بھی آزادی مارچ کو روکنے کے لئے بھرپور تیاری کر لی ہے ۔ سندھ سے آنے والے قافلوں کونیشنل ہائی وے پر ضلع رحیم یارخان کی تحصیل کے آباد کے قصبہ کوٹ سبزل کے مقام پر روکا جائے گا۔ اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ صوبہ بلوچستان سے آنے والے قافلوں کو پہلے گدو بیراج پھر تحصیل صادق آباد کے علاقہ احمد پور لمہ میں روکنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔
اس ضمن میں تھانہ کوٹ سبزل اور تھانہ احمد پور لمہ میں کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ گزشتہ کئی روز سے جاری ہے ۔ جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع سے آنے والے قافلوں کو مظفر گڑھ میں پُل چناب اور ہیڈ محمد والا کے مقام پر روکا جائے گا۔ ملتان میں قافلوں کو روکنے کے لیے ہیڈ محمد والا اور پل چناب پر کنٹینر لگائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس نے جنوبی پنجاب بھر میں سرگرم کارکنوں کی لسٹیں بھی مرتب کرلی ہیں ، آج رات سے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن متوقع ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں