
چنیوٹ : پنجاب کا پہلا ضلع جو کرونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگیا، تمام مریض صحتیاب ہوگئے، ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے تصدیق کی ہے کہ ضلع چنیوٹ میں کورونا کے 10کے 10مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کہا ہے کہ ضلع چنیوٹ میں کورونا کے 10کے 10مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں ، اس وقت ضلع میں کورونا وائرس سے متاثرہ کوئی مریض نہیں ہے۔
اس امر کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں ایک اجلاس میں کیا ، انکا مزید کہنا تھا کہ قرنطینہ سنٹر فاسٹ یونیورسٹی سے کورونا کے آخری تین مریض بھی 2بار رپورٹ نیگٹو آنے پر انکے گھروں کو روانہ کر دیے گئے ہیں، یہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی فضل اور کرم ہے ،ان مریضوں کی صحت یابی سے کورونا وائرس ڈیوٹی پر متعین ڈاکٹرز ،طبی عملہ کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔
انہوں نے محکمہ صحت کے افسران ، سی او ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف ، پیرا میڈیکل سٹاف ، نرسز و دیگر محکموں کے عملہ کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ فرنٹ لائن پر کورونا کے خلاف جنگ لڑنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے دن رات اس مشن کو کامیاب بنانے کیلئے کام کیا۔ انکا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور پاک فوج کے افسران ہر لمحہ پوری طرح چوکس ہیں۔ انہوں نے شہریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس وائرس کو شکت دینے میں ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں ۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں