They are 100% FREE.

بدھ، 15 اپریل، 2020

امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 2 ہزار 228 ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ

امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 2 ہزار 228 ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ
واشنگٹن : امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 2 ہزار 228 ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ۔ اس سے قبل 11 اپریل کو امریکہ میں ایک ہی دن میں 2 ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2 ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں 2 ہزار 228 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جو کہ کورونا کے باعث کسی بھی ملک میں ایک ہی دن میں ریکارڈ کی جانے والی ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
کورونا کے نئے کیسز اور اموات سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے عالمی میٹر کے مطابق امریکہ میں گزشتہ روز کورونا کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ 86 ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی جو کہ اب بڑھ کر 6 لاکھ 13 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

اس حساب سے امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ کیے جانے والے کورونا کے کیسز تقریباََ 27 ہزار بنتے ہیں۔
 
 اس کے علاوہ پوری دنیا میں اس وقت کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکہ میں ریکارڈ کی گئی ہیں جہاں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 26 ہزار 47 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اٹلی جو کہ ایک وقت میں کورونا وائرس سے ہونے والی مسلسل ہلاکتوں کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا تھا وہ ہلاکتوں کے اعتبار سے اب دوسرے نمبر پر ہے۔
اٹلی میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار 67 ہے۔ امریکہ اور اٹلی کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کرنے والا ملک اسپین ہے جہاں 18 ہزار 255 افراد مہلک وائرس کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کرنے والے ممالک کی فہرست میں فرانس کا چوتھا نمبر آتا ہے جہاں پر ریکارڈ کی جانے والی ہلاکتوں کی تعداد اب تک 15 ہزار 729 ریکارڈ کے گئی ہے۔
اس کے بعد پانچویں نمبر پر برطانیہ آتا ہے جہاں پر مہلک وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 12 ہزار 107 ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ کرنے والے ممالک کی فہرست میں امریکہ بدستور پہلے نمبر پر ہے جہاں پر مہلک وائرس نے 6 لاکھ 13 ہزار 886 افراد کو متاثر کیا۔ اسپین میں 1 لاکھ 74 ہزار 60 لوگ متاثر ہوئے ہیں، اٹلی میں 1 لاکھ 62 ہزار 488 افراد کورونا کی زد میں آئے، فرانس میں 1 لاکھ 43 ہزار 303 لوگ متاثر ہوئے جبکہ جرمی میں 1 لاکھ 32 ہزار 210 لوگ اب تک وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
مذکورہ بالا اعداد و شمار کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کے ہیں۔ علاوہ ازیں کورونا وائرس سے تقریباََ دنیا کا ہر ملک کسی نہ کسی طرح ضرور متاثر ہے۔ مزید برآں پوری دنیا میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 19 لاکھ 98 ہزار 551 ہو چکی ہے جبکہ اس مہلک وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 1 لاکھ 26 ہزار 686 ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس کا شکار اب تک 4 لاکھ 78 ہزار 902 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں