They are 100% FREE.

جمعرات، 31 جنوری، 2019

پنجاب پولیس بلائی جائے تو ایک دن میں سٹریٹ کرائم میں کمی آئے گی، سندھ ہائی کورٹ

پنجاب پولیس بلائی جائے تو ایک دن میں سٹریٹ کرائم میں کمی آئے گی، سندھ ہائی کورٹ
کراچی(  ٹیکسیلا نیوز ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس آفتاب احمد گورڈ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ سندھ حکومت اور پولیس جرائم روکنے میں ناکام ہوچکی ہے اور پنجاب سے پولیس کو بلالیا جائے تو ایک دن میں سٹریٹ کرائم میں کمی نظر آئے گی۔ 
جسٹس آفتاب گھورڑ اور جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ کے روبرو اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
دائر درخواست میں درخواستگزار مزمل ممتاز ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا تھا کہ ملزم سر عام شہر میں اسلحہ لے کر گھومتے ہیں پولیس ان کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ شہر میں ایک بار پھر سٹریٹ کرائم بڑھ رہے ہیں۔ فون چھیننے کے واقعات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔ سندھ حکومت اور پولیس جرائم روکنے میں ناکام ہوچکی۔ ڈی آئی جیز سے پوچھا جائے شہر میں کتنے مقدمات درج ہو رہے ہیں۔ موبائل فونز چھیننے کی واقعات کی اصل تعداد کے لیے موبائل فونز کمپنیوں سے بھی مدد لی جائے۔ سپریم کورٹ بھی کراچی بدامنی کیس میں اس بارے میں حکم دے چکی ہے۔
عدالت نے ڈی آئی جیز کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر اظہار برہمی کیا۔ جسٹس آفتاب احمد گورڈ نے ریماکس دیئے سٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی میڈیا پر خبریں دیکھ پر بہت دکھ ہوتا ہے۔ لگتا ہے پولیس کا یہی حال رہا تو پوری زندگی سٹریٹ کرائم ختم نہیں ہوں گے۔ پنجاب سے پولیس کو بلالیا جائے تو ایک دن میں سٹریٹ کرائم میں کمی نظر آئے گی۔ عدالت نے 19 فروری کو آئی جی سندھ اور دیگر کو رپورٹس پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

حکومت نے ریئل سٹیٹ سیکٹر کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے فیصلے کو حتمی شکل دے دی

حکومت نے  ریئل سٹیٹ سیکٹر کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے فیصلے کو حتمی شکل دے دی

اسلام آباد(  ٹیکسیلا نیوز)اکنامک ریفارم پیکج کے بعد حکومت نے  ریئل سٹیٹ سیکٹر کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے فیصلے کو حتمی شکل دے دی ،شکنجہ کسنے کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز نے  ریئل سٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی بل کو حتمی شکل دے دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومتی رضامندی سے سینیٹر محسن عزیز نے ریئل سٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی بل کو حتمی شکل دے دی ہے ،ریئل سٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے مجوزہ  بل کے تحت سوسائٹی مالکان اور پراپرٹی ڈیلرز کی رجسٹریشن لازمی ہوگی۔ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے ترقیاتی کاموں کی نگرانی ہوگی اور لین دین کے لیے گزشتہ پانچ سالوں کا ریکارڈ فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ ریئل سٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی بل میں قرار دیا گیا ہے کہ  مالی سال کے آخر پر پروموٹرز کے لیے ضروری ہوگا کہ اکاؤنٹس کا آڈٹ لازمی کرائے جبکہ بل میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ رولز کی خلاف ورزی پر منصوبے کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔رئیل سٹیٹ اتھارٹی کے فیصلوں پراپیل کے لیے اپیلٹ ٹربیونل بھی قائم ہوگا۔وفاقی حکومت منصوبوں کی رجسٹریشن کے لیے آن لائن نظام بھی متعارف کرائے گی۔

تحریک لبیک نے جمعہ کو ہڑتال کا اعلان کردیا

تحریک لبیک کے قائم مقام امیر ڈاکٹر شفیق امینی
                                       تحریک لبیک کے قائم مقام امیر ڈاکٹر شفیق امینی
آسیہ مسیح کی بریت کے خلاف اپیل سپریم کورٹ سے مسترد کیے جانے پر  تحریک لبیک یارسول اللہﷺ پاکستان نے یکم فروری جمعی کو ملک گیر “پُرامن ہڑتال” کا اعلان کردیا ہے۔
  جمعہ کو ہی جمعیت علمائے اسلام(ف) نے بھی یوم احتجاج کا اعلان    کر  رکھا ہے۔
مرکزی قائم مقام امیرِتحریک لبیک پاکستان ڈاکٹر شفیق امینی نے بدھ کو ایک بیان میں ملک بھر میں تمام کاروباری مراکز، ٹرانسپورٹ، سرکاری و نجی ادارے بند رکھنے کی اپیل کی۔
ڈاکٹر شفیق امینی نے ملک بھر میں تمام مسالک کے آئمہ و خطباء سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نمازِجمعہ کے اجتماعات میں آسیہ ملعونہ کیس پر سپریم کورٹ کے غیرشرعی فیصلے کے خلاف شعور اجاگر کریں اور اس غلط فیصلے پر روشنی ڈالیں، مساجد کے آئمہ اپنے منبروں کی طاقت سے دجالی میڈیا کا توڑ کریں۔ آسیہ ملعونہ کیس کے فیصلے کے خلاف نمازِجمعہ کے اجتماعات کے بعد پُرامن ریلیاں نکالی جائیں۔
ڈاکٹر شفیق امینی نے کہا کہ آسیہ ملعونہ کی رہائی کے خلاف احتجاج ہمارا حق تھا، لیکن ہم سے احتجاج کا جمہوری حق چھینا گیا۔ ہمارے پرامن دھرنوں میں پولیس اور فورسز نے ہنگامہ آرائی کی، پرامن اور نہتے مظاہرین پر سیدھی گولیاں برسائی گئیں، ملک کے مختلف علاقوں سے تحریک لبیک سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں علمائے کرام اور تنظیمی عہدے داروں کو دوبارہ غیر قانونی حراست میں لیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ثابت شدہ گستاخ کو شک کا فائدہ دے کر گستاخوں کی سہولت کاری کی، ہم یہ فیصلہ کبھی تسلیم نہیں کرسکتے۔ سپریم کورٹ کے جج اس کیس میں کسی بھی گواہ کی شہادت کو غلط ثابت نہیں کرسکے، انہوں نے اپنے فیصلے میں ایک بھی گواہ کی گواہی کو غلط قرار نہیں دیا، اسی لیے ہم سوال کرتے ہیں کہ ثابت شدہ مجرمہ کو شک کا فائدہ کس بنیاد پر دیا گیا؟
تحریک لبیک رہنما کا کہنا تھا کہ اس ایک متنازع فیصلے سے پاکستان کے پورے جوڈیشل سسٹم کی ساکھ داؤ پر لگ چکی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ گستاخ رسول آسیہ ملعونہ کو رہا کرکے ہمارے آقا و مولیﷺ کو تکلیف پہنچائی گئی ہے، ہم یہ کبھی معاف نہیں کرسکتے۔ ناموس رسالتﷺ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے، اس مسئلے پر کوئی ہم سے سیاسی بارگیننگ یا سمجھوتے کی توقع ہرگز نہ رکھے۔
انہوں نے کہاکہ آسیہ ملعونہ کیس کے فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ حکومت نے ٹی ایل پی کے خلاف کریک ڈاؤن آسیہ ملعونہ کو بھگانے کے لیے کیا تھا، کیوں کہ آسیہ ملعونہ کے بیرون ملک فرار میں سب سے بڑی رکاوٹ علامہ خادم حسین رضوی تھے۔
ڈاکٹر شفیق امینی نے کہا کہ پہلے تو حکومت نے برابر کے فریق کی حیثیت سے تحریک لبیک کے ساتھ معاہدہ کیا لیکن اس کے بعد ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا، یہ حکومت لائقِ اعتبار نہیں۔
تحریک لبیک نے اپنے بیان مٰں کہا ہے کہ  منگل کو کراچی میں 6 مختلف مقامات پر، لاہور میں 4 مختلف مقامات پر، حیدرآباد پریس کلب، ملتان، راولپنڈی، ٹیکسلا، گجرات، لالا موسی، لیہ، لسبیلا( بلوچستان)، سبی (بلوچستان)، جعفرآباد (بلوچستان)، لاڑکانہ، چارسدہ، پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

پشاور زلمی نے مداحوں کوبڑی خوشخبری سنا دی ،آپ بھی ممبر بنیں اور شاندار آفر سے استفادہ اٹھائیں

پشاور زلمی نے مداحوں کوبڑی خوشخبری سنا دی ،آپ بھی ممبر بنیں اور شاندار آفر سے استفادہ اٹھائیں

پشاور(ٹیکسیلا نیوزآن لائن)پشاور زلمی نے مداحوں کو بہترین فوائدفراہم کرنے کے لیے ممبر شپ دینے کا اعلان کردیا ہے ۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹرپر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پیغام جاری کرتے ہوئے بتا یا ہے کہ پشاور زلمی نے پاکستان میں پہلی بار زلمی ممبر شپ کارڈز کے ذریعے مداحوں کو #YelloStromممبر بنانے کا موقع فراہم کیا ہے۔انہوں نے پشاور زلمی کے مداح زلمی خاندان میں شمولیت اختیار کر کے بہترین فوائد حاصل کر یں ۔۔انہوں نے پشاور زلمی کے مداح زلمی خاندان میں شمولیت اختیار کر کے بہترین فوائد حاصل کر یں ۔پشاور زلمی کی ممبر شپ کے لیے کارڈز جلد ہی Daraz.pkسے   ۔۔ حاصل کیے جا سکیں گے

حکومت نے قرضوں کے لیے واپڈا ہاؤس، ڈیمز اور پاور پلانٹس گروی رکھنے کا فیصلہ کر لیا



سینئیر صحافی رؤف کلاسرا نے انکشاف کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بینکوں سے قرضے کے لیے واپڈا ہاؤس ، ڈیمز اور پاور پلانٹس گروی رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔انہوں نے کہا حکومت کو تو یہ چاہئیے تھا کہ پاکستان کی معیشت کے حوالے سے حکومت جو اقدامات کرنے کی کوشش کررہی ہے اور200 ارب کا جو نیا قرضہ لیا جارہا ہے اس کی مکمل تفصیلات کو سامنے لایا جاتا اور عوام کے ساتھ شئیر کیا جاتا، حکومت کی جانب سے ہمیں تو بتایا جاتا تھا کہ ہم توشفاف ہیں، ہر معاہدہ سامنے لائیں گ ، گذشتہ حکومتوں کی طرح نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ حکومت میں بیٹھے ہیں وہ گذشتہ حکومت کو یہ کہتے تھے کہ قطر معاہدے کو سامنے لاؤ،دنیاکے ساتھ دیگر معاہدے اور آئی ایم ایفکے ساتھ معاہدے سامنے لاؤ، یورو بانڈز کے معاملات سامنے لاؤ، یہ اسد عمر اور عمران خان خود تقریریں کرتے تھے ،اب خود بھی انہوں نے قطر سے معاہدے کو خفیہ رکھا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بینکوں سے قرض لینے کا بھی خفیہ معاہدہ کیا ،قرضوں کے لیے بینکوں کے پاس واپڈا ہاؤس ،ڈیمز اور پاورپلانٹس گروی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت نے آئی پی پیز کو ادائیگی کے لیے پاکستانی بینکوں سے فوری طور پر دو سو ارب روپے قرض لینے کا فیصلہ کیا ،وزارت توانائی نے 6 سو ارب کے قرض کے لیے 6 بینکوں سے معاہدہ کیا ،وزیر خزانہ اسد عمر نے بینکو ں سے دو سو ارب روپے قرض لینے کے لیے اقتصادی مشاورتی کونسل کے اجلاس میں منظوری دی۔ اس معاہدے کے مطابق میزان بینک 88 ارب روپے ،فیصل بینک 35 ارب ،بینک اسلامی پاکستان 35 ارب اور دبئی اسلامک بینک 14.15ارب روپے قرض دے گا۔

وزارت توانائی کی زمین،بلڈنگ، پلانٹس اور مشینری گروی رکھی جائے گی۔ ایم سی بی اسلامک بینک 10ارب روپے ،البراک بینک 8ارب ،باقی بینکوں سے بھی 8ارب روپے لئے جارہے ہیں۔ ان بینکوں نے حکومت سے کہا ہے کہ ہمیں آپ پر اعتبار نہیں ہے، پہلے ہمیں گارنٹی دیں جس پر چیزیں گروی رکھی گئی ہیں۔

بدھ، 30 جنوری، 2019

وزیراعظم سے برفیلی پہاڑیوں میں خدمات انجام دینے والے پولیو ورکرز کی ملاقات

وزیراعظم سے  برفیلی پہاڑیوں میں خدمات انجام دینے والے پولیو ورکرز  کی ملاقات

اسلام آباد(ٹیکسیلا نیوز آن لائن) وزیراعظم عمران خان  سے سوات کی برف پوش پہاڑیوں میں خدمات انجام دینے والے پولیو ورکرز  نے  وزیراعظم آفس میں ملاقات کی،انسداد پولیو ورکر عرفان اللہ کی برف کے پہاڑوں میں جاتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی،انسداد پولیو مہم کے فوکل پرسن بابر بن عطا نے پولیو ورکر کو وزیراعظم آفس میں خوش آمدید کہا۔
وزیراعظم آفس میں پولیو ورکر عرفان اللہ کے اعزاز میں کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔بابر بن عطا کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پولیو ورکر ہمارے ہیرو ہیں، ان کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔انسداد پولیو کے فوکل پرسن نے مزید کہا کہ پولیو ورکرز کی ہمت اور بہادری سے جلد پاکستان پولیو سے پاک ہو جائے گا۔بابر بن عطا نے مزید کہا کہ اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کیلئے کوشش جاری رہے گی، پولیو ورکرز کو اپنے کام پر فخر کرنا چاہیے۔بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے بھی پولیو ورکرز سے ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور ملک سے پولیو کے خاتمے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کا وہ علاقہ جہاں درجہ حرارت منفی 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا

پاکستان کا وہ علاقہ جہاں درجہ حرارت منفی 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا

پاکستان کا وہ علاقہ جہاں درجہ حرارت منفی 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، گلگت اور کشمیر کی سرحد پر واقع سیاچن کا علاقہ ملک کی سب سے سرد ترین جگہ قرار۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ جبکہ شمالی علاقہ جات میں خون جما دینے والی سردی نے معمولات زندگی کو مکمل طور پر ٹھپ کرکے رکھ دیا ہے۔
پاکستان کا ایک علاقہ وہ ہے جہاں درجہ حرارت منفی 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ گلگت اور کشمیر کی سرحد پر واقع سیاچن کا علاقہ ملک کی سب سے سرد ترین جگہ قرار دے دیا گیا ہے۔ سیاچن کے مقام پر درجہ حرارت منفی 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ تاہم اس خون جما دینے والی سردی کے باجود پاک فوج کے جوان سیاچن کے محاذ پر ملک کی حفاظت کیلئے اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ رواں ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے جبکہ آج بدھ کے روز بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، نصیرآباد، سبی ڈویژن، سندھ کے علاقوںسکھر، لاڑکانہ، شہید بینظرآباد، حیدرآباد، کراچی ڈویژن میں کہیں کہیں بارش اورپہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے جبکہ بدھ اور جمعرات کے دوران زیریں خیبرپختونخواہ کے بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن اور جنوبی پنجاب کے اضلاع ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے جمعرات کی رات کے دوران بالائی خیبرپختونخوا ہ کے مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان،کوہاٹ ڈویژن، بالائی پنجاب کے راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر تیز بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

آسیہ بی بی کا رہائی پانے کے بعد کینیڈا منتقل ہونے کا فیصلہ



سپریم کورٹ نے منگل کے روز توہین رسالت کے جھوٹے مقدمے میں باعزت بری قرار دیے جانے کا فیصلہ برقرار رکھا جس کے بعد آسیہ بی بی نے کینیڈا میں موجود اپنے اہل خانہ کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے

 تفصیلات کے مطابق توہین رسات کے جھوٹے مقدمے میں پھانسی کی سزا سے بچ جانے والی آسیہ بی بی نے رہائی پانے کے بعد اپنے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کر لیا ہے۔
منگل کے روز سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کو توہین رسالت کے جھوٹے مقدمے میں باعزت بری قرار دیے جانے کا فیصلہ برقرار رکھا، جس کے بعد اب وہ قانونی طور پر آزاد ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آسیہ بی بی نے کینیڈا منتقل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
آسیہ بی بی کینیڈا میں موجود اپنی دونوں  صاحبزادیوں اور شوہر کے پاس جائیں گی، اور وہیں مستقل رہائش اختیار کر لیں گے۔
آسیہ بی بی کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات بھی کریں گی، اس ملاقات کے دوران ہی ممکنہ طور پر آسیہ بی بی کو کینیڈین شہریت دیے جانے کا اعلان کیا جائے گا۔ اس سے قبل منگل کے روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے آسیہ بی بی کی بریت پر نظرثانی کے لیے دائر کی جانے والی درخواست کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران قاری سلام کے وکیل کی لارجربینچ بنانے کی درخواست کی۔ وکیل غلام مصطفٰی ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ معاملہ مسلم اُمہ کا ہے، عدالت مذہبی اسکالرز کو بھی معاونت کے لئے طلب کرے۔ جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا اسلام کہتا ہے کہ جُرم ثابت نہ ہونے پرسزا دی جائے؟ عدالت نے فیصلہ صرف شہادتوں پردیا ہے۔ کیا ایسی شہادتیں قابل اعتبار نہیں اور اگرعدالت نے شہادتوں کاغلط جائزہ لیا تودرستگی کریں گے۔
وکیل غلام مصطفٰی نے کہا کہ سابق چیف جسٹس نے کلمہ شہادت سے فیصلہ کروایا، جسٹس ثاقب نثار نے کلمہ شہادت کا غلط ترجمہ کیا جس پرچیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ سابق چیف جسٹس اس وقت بینچ کا حصہ نہیں ہیں، وہ آپ کی بات کا جواب نہیں دیں گے اورلارجر بینچ کا کیس بنا ہوا تو ضروربنے گا۔ یاد رہے کہ توہین مذہب کیس میں آسیہ بی بی کی رہائی کے فیصلے کے خلاف مدعی قاری عبدالسلام نے نظر ثانی اپیل دائر کر رکھی تھی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ تفتیش کے دوران آسیہ بی بی نے جُرم کا اعتراف کیا لیکن اس کے باوجود ملزمہ کو بری کردیا گیا۔ سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ آسیہ بی بی سے متعلق بریت کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔ سپریم کورٹ نے 24 جنوری کو توہین رسالت کیس میں آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف نظر ثانی اپیل سماعت کے لیے مقرر کی تھی۔واضح رہے کہ 31 اکتوبر 2018ء کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں توہین رسالت کے الزام میں سزائے موت کے خلاف آسیہ مسیح کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کلمہ شہادت سے آغاز کیا اور لاہورہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قراردیتے ہوئے آسیہ بی بی کو معصوم اور بے گناہ قرار دیا تھا ۔
سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کی فوری رہائی کا حکم دیا تھا، عدالت کے اس فیصلے کے بعد آسیہ بی بی کو 9 سال کی اسیری کے بعد ملتان جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔

رہائی کی خوشی میں اندھا دھند فائرنگ کرنے والا یوسی چیئر مین ساتھیوں سمیت دوبارہ گرفتار

 رہائی کی خوشی میں اندھا دھند فائرنگ کرنے والا یوسی چیئر مین ساتھیوں سمیت دوبارہ گرفتار

سرگودھا(  ٹیکسیلا نیوز آن لائن) کوٹ مومن میں دہشت گردی کے مقدمہ میں ملوث یوسی چیئرمین اور اسکے ساتھیوں کی رہائی پر ان کے حامیوں نے بھرے بازار میں آتشی اسلحہ سے آندھادھند فائرنگ کردی، اطلاع ملنے پر موقع پر آنیوالی پولیس وین پر بھی ملزمان کی فائرنگ سے خوف وہراس پھیل گیا،ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے پولیس کاگھیراؤ  توڑتے ہوئے فرارہونے میں کامیاب ،پولیس نے وائس چیئرمین ضلع کونسل خوشاب ملک وارث بگھور سمیت سولہ نامزد اور آٹھ نامعلوم ملزمان کیخلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا،پولیس نے عامر شہزاد رانجھا کو  اقدام قتل،فائرنگ، دہشتگردی کے مقدمہ میں ساتھیوں سمیت دوبارہ گرفتار کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق اغواء برائے تاوان ڈکیتی ،دہشت گردی ،بھتہ خوری سمیت سنگین وارداتوں کے مقدمہ میں ملوث یونین کونسل کوٹ راجہ کے لیگی چیئرمین عامر شہزاد رانجھاکوکوٹ مومن پولیس نے گزشتہ سال ساتھیوں سمیت گرفتارکرکے جیل بھیج دیاتھا،عامرشہزادرانجھا کی ہائی کورٹ سے ضمانت منظور  ہونے پر انہیں سرگودھاجیل سے وائس چیئرمین ضلع کونسل خوشاب ملک وارث بگھور کی سرکاری گاڑی میں لے جاکر انکے حامیوں نے مین بازار کوٹ مومن میں جشن مناتے ہوئے آتشی اسلحہ سے آندھادھند فائرنگ کردی جس سے بازار میں خوف وہراس پھیل گیااور تاجروں نے ڈر کے مارے اپنی دوکانیں بند کردیں،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کوٹ مومن پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے پولیس وین پر بھی فائرنگ کردی تاہم پولیس پارٹی نے بمشکل اپنی جانیں بچائیں اس دوران ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے،
پولیس نے وائس چیئرمین ضلع کونسل خوشاب ملک وارث بگھور سمیت 16نامزد اور 8نامعلوم ملزمان کیخلاف دہشت گردی ۔اقدام قتل ،کارسرکار میں مزاحمت سمیت سات سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا جبکہ آخری اطلاعات آنے تک پولیس نے عامر شہزاد رانجھا کو  اقدام قتل،فائرنگ، دہشتگردی کے مقدمہ میں ساتھیوں سمیت ایک بار پھر  گرفتار کر لیا ہے ۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں