They are 100% FREE.

ہفتہ، 29 فروری، 2020

خواجہ سعدرفیق گلے میں شدید درد ہونے پر ہسپتال منتقل

خواجہ سعدرفیق گلے میں شدید درد ہونے پر ہسپتال منتقل
لاہور: مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خواجہ سعدرفیق کو گلے میں شدید درد ہونے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا، سعد رفیق کی سانس کی نالی میں پِھنسی ہے جو گلٹی بن چکی ہے، ڈاکٹرز نے سرجری تجویز کردی ہے۔ سینئر ن لیگی رہنماء خواجہ سعد رفیق کے اہلخانہ کے مطابق خواجہ سعدرفیق کے گلے میں گلٹی بننے کے باعث شدید تکلیف ہوئی، جس کے باعث خواجہ سعد رفیق کو سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
جہاں پر خواجہ سعد رفیق کا طبی معائنہ کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے خواجہ سعدرفیق کے گلے کی پہلے مرحلے میں سرجری کروانے کی تجویز دی ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سعد رفیق کی سانس کی نالی میں ایک پِھنسی بنی ہے جو اب گلٹی کی شکل اختیار کرچکی ہے۔ خواجہ سعدرفیق کے گلے کی سرجری کے بعد گلٹی کی تشخیص کی جائےگی۔

سعودی ریسلر منصور نے عالمی شہرت یافتہ ریسلر کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دی

سعودی ریسلر منصور نے عالمی شہرت یافتہ ریسلر کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دی
ریاض : سعودی عرب میں ڈبلیو ڈبلیو ای کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، اسی وجہ سے ہر سال سعودی مملکت میں بھی ریسلنگ کا یہ عالمی ایونٹ منعقد کرایا جا رہا ہے تاہم اس بار سعودی عوام کے لیے یہ ڈبلیو ڈبلیو ای میگا ایونٹ یادگار بن گیا جب ایک سعودی نوجوان منصور نے عالمی شہرت یافتہ ریسلر ڈولف زیگلر کو اپنے ہی ہوم کراوئڈ کے سامنے چاروں شانے چت کر کے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلہ بالآخر جیت لیا۔
تفصیلات  کے مطابق  سعودی  دارالحکومت ریاض  میں ہونے والے ڈبلیو  ڈبلیو ای مقابلے میں سعودی  ریسلر منصور اورعالمی شہرت یافتہ ریسلر  زیگلر کا مقابلہ خاصی دیر جاری رہا۔کئی موقعوں پر منصور کی شکست یقینی دکھائی دی رہی تھی تاہم انہوں نے اپنے حوصلے اور عزم کو برقرار رکھا اور زیگلر کے خطرناک داؤ سے بچ بچا کر آخر کار کامیابی کو گلے لگا گیا۔ اس تاریخی جیت کے بعد منصور نے سعودی عوام کا شکریہ ادا کیا کہ جن کی حوصلہ افزائی کے باعث وہ یہ مقابلہ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا ...پاکستان میں کورونا کے 2 اور کیس، تعداد 4 ہوگئی

کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا
کراچی : شہر قائد میں کرونا وائر س کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد شہر میں کرونا وائرس کے دو کیسز جبکہ ملک بھر میں 4افراد اس خطرناک وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں ۔ میڈ یا رپورٹس کے مطابق ترجمان محکمہ صحت سندھ کا کہناہے کہ آج شام پانچ بجے کراچی کے رہائشی ایک اور شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔انہوں نے بتا یا کہ متاثرہ شخص ایران سے واپس آیا تھا ،مریض سے رابطے میں رہنے والے دیگر افراد کو بھی قرنطینہ سنٹر میں رکھا گیا ہے جبکہ مریض کو الگ قرنطینہ سنٹر میں رکھا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شہر قائد اور اسلام آبادمیں بھی کرونا وائرس کا ایک ،ایک کیس سامنے آیا جن کا قرنطینہ سنٹر میں علاج جاری ہے ۔
کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 2800 سے زائد اموات ہو چکی ہیں جب کہ 84 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت نے کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ انتہائی زیادہ قرار دے دیا ہے۔

امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہوگئے

امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہوگئے

دوحہ (  ٹیکسیلا نیوز. 29 فروری 2020ء) امریکا اور افغان طالبان کے درمیان 19 سالہ جنگ کا خاتمہ ہوگیا، دونوں کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہوگئے، امریکا کی طرف سے زلمے خلیل زاد اور افغان طالبان کی طرف سے ملا عبدالغنی برادر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ افغان امن معاہدہ امریکا اورامارات اسلامیہ کے درمیان ہوا۔ امریکا کی طرف سے زلمے خلیل زاد اور افغان طالبان کی طرف سے ملا عبدالغنی برادر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
امریکا اورافغان حکومت کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق افغانستان سے امریکی افواج 14 ماہ میں مکمل انخلا کریں گی۔ منصوبہ طالبان کی جانب سے امن معاہدے کی پاسداری سے مشروط ہوگا۔
امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اعلان کیا کہ امریکا اور طالبان دہائیوں سے جاری تنازعات کوختم کررہے ہیں۔ امن کیلئے زلمے خلیل زاد کا کردار قابل تعریف ہے۔ تاریخی مذاکرات کی میزبانی پرامیرقطر کے شکرگزارہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن کے بعد افغانیوں کو اپنے مستقبل کا تعین کرنا ہے۔ طالبان کی جانب سے معاہدہ امن کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ آج امن کی فتح ہوئی ہے۔ امن کیلئے امریکی اور افغان فورسز نے مل کر کام کیا۔ افغان طالبان کی طرف سے ملا عبدالغنی برادر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی امارات امریکا کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد کا عزم کیے ہوئے ہے۔
ہم تمام ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں۔ ہم سب افغانستان اور افغان عوام کی ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں۔
تمام افغان گروپوں کو کہتا ہوں ایک مکمل اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے اکٹھے ہوں۔ اس سے قبل افغان صدر اشرف غنی نے کابل میں پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں افغان چیف ایگزیکٹوعبداللہ عبداللہ اورنیٹو کےسیکرٹری جنرل بھی موجود تھے۔
  افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ امریکا اور افغان حکومت کا مستقبل میں تعاون جاری رکھنے کا معاہدہ ہوگیا، دنیا کی سکیورٹی اور ہماری آزادی کی وجہ سے ہم اتحادی بنے۔ امن معاہدے کے بعد افغانستان میں موجود غیرملکی فوج افغان افواج کوتربیت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن کیلئے امن معاہدہ ہونے جا رہا ہے۔
افغانستان کا ہر شہری افغان امن عمل میں شامل ہوگا۔ افغانستان کے عوام نے امن کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں۔ نائن الیون کے بعد دہشتگردی کیخلاف نبردآزما ہیں، تمام فریقین معاہدے کی پاسداری کریں گے، معاہدے میں تعاون اور کردار ادا کرنے پر امریکی وزیردفاع کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دیگر برادرممالک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سربراہ نیٹوافواج نے کہا کہ افغانستان حکومت کی معاونت جاری رکھیں گے۔ فوجی انخلاء امریکا کے طالبا ن کے ساتھ معاہدے پر منحصر ہے۔

افغانستان میں جاری19سالہ جنگ کے خاتمے کی تیاریاں مکمل، قطر میں نئی تاریخ آج رقم ہوگی

افغانستان میں جاری19سالہ جنگ کے خاتمے کی تیاریاں مکمل، قطر میں نئی تاریخ آج رقم ہوگی
دوحہ: امریکا اور طالبان کے درمیان افغانستان میں امن کا معاہدہ آج ہوگا۔معاہدے میں پاکستان سمیت پچاس ممالک کے نمائندگان شرکت کریں گے۔ معاہدے سے افغانستان میں دو دہائیوں سے جاری جنگ کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔
بی بی سی اردو کے مطابق اجلاس سے قبل قطرمیں افغان حکام اور طالبان کے درمیان کھچاو دیکھنے کو ملا جبکہ دیگر شرکا اس معاہدے کے حوالے سے پرامید بھی دکھائی دیئے۔
رپورٹ کے مطابق جمعہ کو افغان حکومت کا ایک وفد امریکی ہدایت پرقطرپہنچاہے اور اس وفد کے وہاں آنے کا مقصد طالبان قیدیوں کی رہائی پر بات چیت کرنا ہے۔
جمعہ کو جس ہوٹل میں افغان حکام موجود تھے وہاں جمعہ کی شام میں طالبان رہنماملا عبدالغنی برادر، انس حقانی اور ایک اور رہنما بھی پہنچ گئے تاہم واپسی پر انہوں نے صحافیوں سے بات چیت سے گریز کیا۔
گزشتہ روز دوحہ کے بڑے ہوٹل میں افغان امن معاہدے کے حوالے سے سرگرمیاں عروج پر رہیں جہاںآج مقامی وقت کے مطابق دوپہر کوامریکہ اور طالبان کے رہنما امن معاہدے پر دستخط کریں گے۔

جمعہ، 28 فروری، 2020

اٹلی کی وجہ سے 14 اور ایران سے 11 ملکوں میں کرونا وائرس پھیلا‘ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کا انکشاف

’اٹلی کی وجہ سے 14 اور ایران سے 11 ملکوں میں کرونا وائرس پھیلا‘ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کا انکشاف
جنیوا : ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روز کا کہنا ہے کہ چین میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی آئی ہے تاہم بیرون ممالک ان میں اضافہ تشویشناک ہے، اٹلی کی وجہ سے 14 اور ایران کی وجہ سے 11 ممالک میں کرونا وائرس منتقل ہوا۔
کرونا وائرس کے حوالے سے روزانہ کی اپ ڈیٹ دیتے ہوئے ڈاکٹر ٹیڈ روز نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین میں کووِڈ 19 کے 329 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، یہ تعداد گزشتہ ایک ماہ کی کم ترین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چین میں مجموعی طور پر 78 ہزار 959 لوگوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 791 ہوچکی ہے۔ چین کے علاوہ کرونا وائرس 49 ممالک تک پھیل چکا ہے جہاں اس کے 4 ہزار 351 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد 67 ہوگئی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے بتایا کہ جمعرات کے روز ڈنمارک، ایسٹونیا، لتھوانیا، نیدر لینڈز اور نائجیریا وہ ممالک تھے جن میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے، ان تمام کیسز کا تعلق اٹلی سے ہے۔
ڈاکٹر ٹیڈ روز کے مطابق اٹلی سے 14 ممالک میں کرونا وائرس کے 24 کیسز منتقل ہوئے ہیں جبکہ ایران سے 11 ممالک میں کووِڈ 19 کے 97 کیسز منتقل ہوئے ہیں۔ گزشتہ کچھ دنوں کے دوران متاثرین اور متاثرہ ممالک کی تعداد میں اضافہ تشویشناک ہے۔

گوگل فیس بک اورٹویٹر نے پاکستان میں سروس بند کرنےکی دھمکی دے دی

گوگل فیس بک اورٹویٹر نے پاکستان میں سروس بند کرنےکی دھمکی دے دی
اسلام آباد :گوگل فیس بک اور ٹویٹر نے پاکستان میں سروس بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو خط میں آگاہ کیا گیا کہ سروس بند ہونے سے70ملین صارف متاثرہوں گے، جس پر حکومت نے نئے قوانین پرعملدرآمد روکنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم پاکستان کو ایشیائی انٹرنیٹ کولیش گروپ کا سوشل میڈیا ریگولیش کے حوالے سے خط ارسال کیا گیا ہے جس میں حکومت پاکستان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا سے متعلق نئے قوانین پرعمل اےآئی سی کیلئے مشکل ہے۔
خط کے متن میں مزید کہا گیا کہ ان قوانین سےعام صارف اور کاروباری حضرات بھی متاثر ہوں گے۔ گوگل، فیس بک اور ٹویٹرسروس بند ہونے سے70 ملین صارف متاثرہوں گے۔
بتایا گیا ہے کہ خط کے بعد وفاقی حکومت نے فی الحال نئے سوشل میڈیا قوانین پرعملدرآمد روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ حکومت نے نئے سوشل میڈیا قوانین پر نظرثانی اورمتعلقہ اسٹیک ہولڈرسے مشاورت کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
کمیٹی کے سربراہ چیرمین پی ٹی اے میجرجنرل ریٹائرڈ عامرعظیم باجوہ ہوں گے۔ کمیٹی میں ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ایدروس، سوشل میڈیا فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت آئی ٹی بھی شامل ہیں۔ وفاقی حکومت کی قائم کردہ کمیٹی تمام شراکت دارروں سے مشاورت کرے گی۔ مشاورتی عمل میں وزیرانسانی حقوق شیریں مزاری اور بیرسٹرعلی ظفر کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی 2 ماہ میں حتمی رپورٹ تیار کرکے وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ وزارت آئی ٹی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ نئے سوشل میڈیا قوانین کے جائزہ کیلئے کمیٹی بنا دی ہے۔ نئے سوشل میڈیا عملدرآمد روک کر4 رکنی کمیٹی جائزہ لے گی۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں