They are 100% FREE.

اتوار، 8 اپریل، 2018

شام: دوما شہر پر ’کیمیائی حملے‘ میں کم از کم 70 ہلاک


امدادی کارکنوں نے کہا ہے کہ شام کے شہر دوما میں کم از کم 70 افراد ممکنہ طور پر زہریلی گیس کے حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
وائٹ ہیلمٹس نامی امدادی تنظیم نے تہ خانوں میں بیسیوں لاشوں کی تصویریں ٹوئٹر پر پوسٹ کی ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اس خبر کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
اس سے قبل وائٹ ہیلمٹس نے مرنے والوں کی تعداد 150 بتائی تھی لیکن بعد میں وہ ٹویٹ ڈلیٹ کر دی گئی۔
دوسری جانب شامی حکومت نے کیمیائی حملے کی خبروں کو من گھڑت قرار دیا ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ ان 'انتہائی پریشان کن' اطلاعات کا جائزہ لے رہا ہے اور یہ کہ اگر ایسا ہوا ہے تو پھر روس کو اس مہلک کیمیائی حملے کا ذمہ دار سمجھنا چاہیے جو شامی حکومت کی حمایت میں لڑ رہا ہے۔
محکمۂ خارجہ نے کہا کہ 'حکومت کی اپنے ہی لوگوں پر کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کی تاریخ میں کوئی شبہ نہیں ہے۔
'بے شمار شامیوں کو کیمیائی ہتھیار سے بہیمانہ طور پر نشانہ بنانے کی ذمہ داری بالآخر روس پر عائد ہوتی ہے۔'
حکومت مخالف تنظیم غوطہ میڈیا سینٹر نے کہا ہے کہ مبینہ گیس حملے میں ایک ہزار سے زیادہ لوگ متاثر اور زخمی ہوئے ہیں۔
اس نے الزام لگایا ہے کہ ایک سرکاری ہیلی کاپٹر نے بیرل بم گرایا جس میں سارین نامی اعصاب کو مفلوج کرنے والے عوامل موجود تھے۔
دوما کو مشرقی غوطہ میں باغیوں کے قبضے والا آخری شہر کہا جاتا ہے اور اسے حکومتی افواج نے کئی ماہ سے محصور کر رکھا ہے۔

آج سے منگل تک اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان




محکمہ موسمیات کے مطابق آج اتوار سے منگل کے دوران خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ شمال مشرقی بلوچستان، وسطی/جنوبی پنجاب میں چند مقامات پرگرج چمک اور تیز ہواوں ،آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اتوار اور سوموار کے دوران بالائی سندھ میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواوں، آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب(راولپنڈی،گوجرانوالہ،سرگودھا ڈویژن)،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ وسطی/جنوبی پنجاب،کوئٹہ، ژوب، قلات،سکھر، لاڑکانہ ڈویژن میں چند مقامات پرگرج چمک اور تیز ہواوں / آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دم توڑتی ریلوے کو قدموں پر کھڑا کیا، عدالتی ریمارکس پر دکھ ہوا، سعد رفیق


وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کارکردگی بارے عدالتی ریمارکس سے دلی دکھ ہواہے۔ معزز عدالت کو پانچ سالہ کارکردگی پر خود بریف کرنے کیلئے ہر وقت حاضر ہوں، ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ریلوے منافع میں ہے،پاک ریلویز کی کارکردگی جانچنے کا پیمانہ محض ایک آڈٹ رپورٹ نہیں ہو سکتی، دم توڑتی ریلوے کو دوبارہ قدموں پر لا کھڑا کیاہے۔18 ارب روپے کمانے والا محکمہ 50 ارب کمائی تک جا پہنچاہے۔ ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم جلسوں میں قوم کو سچ بتاتے ہیں، ریلوے سیکٹر میں جتنا کام ہمارے پانچ برس میں ہوا ، ماضی کی دہائیوں میں نہیں ہوا،انہوں نے کہا کہ ریلوے کارکردگی بارے عدالتی ریمارکس سے دلی دکھ ہواہے۔ معزز عدالت کو پانچ سالہ کارکردگی پر خود بریف کرنے کیلئے ہر وقت حاضر ہوں۔سعد رفیق نے کہا کہ کارکردگی رپورٹ سنی گئی تو انشا اللہ عدالت سے شاباش لے کر آئیں گے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ٹرینوں کی پابندی وقت اور اندرونی حالت میں بہت بہتری آئی ہے۔ پاک ریلویز کی کارکردگی جانچنے کا پیمانہ محض ایک آڈٹ رپورٹ نہیں ہو سکتی۔آڈٹ اعتراضات ہمیشہ سے ہر محکمے کے بارے میں ہوتے ہیں ، اس کا مطلب کرپشن نہیں ہے۔سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو اقربا پروری اور کرپشن سے پاک کرنے کیلئے ہماری ٹیم نے دن رات کام کیا۔

چوہدری نثار علیل ہو گئے ، ہسپتال میں معائنے کے بعد گھر منتقل



پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کے گھٹنوں میں تکلیف، علاج کیلئے ہولی فیملی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار علی خان کو گزشتہ شام دائیں گھٹنے میں اچانک زیادہ تکلیف شروع ہوگئی جس کے بڑھنے پر انہیں شام گئے ہولی فیملی ہسپتال لایا گیا ، اس سے قبل سکیورٹی حکام نے ہسپتال میں غیر متعلقہ افراد کو نکال دیا اور سینئر طبی ماہرین کو گھروں سے بلا کر الرٹ کر دیا گیا تھا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ سابق وزیر داخلہ کی آمد کے بعد انہیں فوری ایم آر آئی روم منتقل کیا گیا جہاں طبی ماہرین نے ان کا ایم آر آئی ٹیسٹ کیا، اس موقع پر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر ،ایم ایس ڈاکٹر شہزاد احمد، ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر طارق نیازی، ریڈیالوجی کے سربراہ ڈاکٹر ناصر خان اور دیگر طبی عملہ بھی موجود تھا جنہوں نے سابق وزیر داخلہ کے دونوں گھٹنوں کا کنٹراسٹ ایم آر آئی ٹیسٹ کیا، ہسپتال ذرائع کے مطابق دونوں گھٹنوں کی ایم آر آئی رپورٹ درست آئی، تقریبا ڈیڑھ گھنٹے سے زائد ہسپتال رہنے کے بعد چوہدری نثار علی خان ہسپتال سے واپس چلے گئے

پنجاب حکومت کی کارکردگی بدترین ملک میں بادشاہت نہیں کروڑوں کی بندر بانٹ نہیں کرنے دیں گے شہبازشریف کو بلا لیتے ہیں چیف جسٹس

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اسپتال کے فضلے سے متعلق کیس کی سماعت میں پنجاب حکومت کی کارکردگی کو بدترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو بیمار کرکے رکھ دیا۔ ہفتہ کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہاسپیٹل ویسٹ سے متعلق کیس کی سماعت میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالتی کمیشن نے بتایا کہ ہماری چیکنگ کے دوران معلوم ہوا کہ کئی ہسپتالوں میں مکمل ڈاکٹر ہی نہیں ہیں، فضلے کو تلف کرنے والی مشین انسنیریٹر کی چیکنگ کے دوران ہمین لکڑی کی راکھ دکھائی گئی جو ہاسپیٹل ویسٹ کی نہ تھی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے سلمان رفیق، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری صحت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ صاحب آپ اگر محکمہ صحت کو سنبھال نہیں سکتے تو چھوڑ دیں، پنجاب میں گائنی کی سیٹ پر کوئی اور ڈاکٹر لگا دیا جاتا ہے، دس دس لاکھ پر لوگ رکھ لیے ہیں، ایک وزیر کے پرسنل سیکرٹری کو بھی تین لاکھ میں لگا دیا، محکمہ صحت پنجاب مکمل فلاپ ہو گیا اس کا توککھ بھی نہیں رہا، سفارش پر لوگوں کو بھرتی کیا جا رہا ہے، کیا کام کر رہے ہیں، کس کھاتے میں ایسے لوگوں کو لاکھوں روپے تنخواہ پر رکھا ہوا ہے، خواجہ سلمان رفیق صاحب آپ وزیراعلیٰ سے بات کریں گے یا ہم بلا لیں، ملک میں بادشاہت نہیں ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اگر آپ ناراض ہوں گے تو کیسے صورتحال بتا پاؤں گا، یہ میری بھی عدالت ہے، پنجاب حکومت نے جو اچھے کام کیے ہیں آپ انکی تعریف بھی کریں، آپ کے ہسپتالوں کے دورے کرنے سے ہماری حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کوئی تعریف نہیں کرنی، آپ کے مہربان تو کہتے ہیں کہ ہمیں اسپتال جانے کی بجائے کوئی اور کام کرنا چاہیے، میں اور کام بھی کر رہا ہوں اور آپ کی حکومت کو بھی دیکھ رہا ہوں، آپ لوگوں کی صحت سے کھیل رہے ہیں، ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے علاوہ آپ کا کوئی کام نہیں، وزیر آباد کا ہسپتال اس لیے بند رہا کہ وہ پرویز الٰہی کا پراجیکٹ تھا، کل وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو بلا لیتا ہوں اور پھر ان کی کارگردگی کا جائزہ لیتے ہیں، آپ نے پوری قوم کو بیمار کر کے رکھ دیا ہے، پنجاب حکومت کی کارکردگی بد ترین ہے، اربوں روپے لگا دیے، لیکن نہ سرکاری ہسپتالوں کی حالت بدلی اور نہ لوگوں کا علاج ہو رہا ہے۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ آپ جانتے ہیں ریلوے کے لاسسز کتنے ہیں۔ ریلوے افسر نے عدالت میں کھڑے ہو کر بتایا لاسسز 60 ارب ہیں۔ دوران سماعت ایک خاتون نے پنجاب حکومت پر تنقید کی تو چیف جسٹس نے کہا کہ ان کے خلاف نہ بولیں، انکی حکومت کے خلاف بولنا ایسا ہی ہے جیسے اپنے گلے میں پھندا ڈالنا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے محکمہ ریلوے میں کرپشن کے الزامات پر وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو طلب کرلیا اور حکم دیا کہ اگلی سماعت پر ریلوے میں کرپشن اور خسارے کے حوالے سے ریکارڈ پیش کیا جائے۔ چیف جسٹس نے دوران سماعت استفسار کیا کہ ریلوے کے لاسسز کتنے ہیں۔ کمرہ عدالت میں موجود ایک ریلوے افسر نے کھڑے ہو کر بتایا کہ لاسسز 60 ارب ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ افسران آئندہ سماعت پر پیش ہو کر 60 ارب روپے کے نقصان کی وجوہات بتائیں، بھارت کا وزیر ریلوے لالو پرشاد ان پڑھ آدمی تھا، لیکن ادارے کو منافع بخش بنایا، ہمارے ہاں صرف جلسوں میں ریلوے کے منافع بخش ہونے کے دعوے کیے جاتے ہیں، ریلوے کی اصل صورتحال مختلف ہے۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے صاف پانی کمپنی ازخود نوٹس کیس کی سماعت پر صاف پانی کمپنی کے تمام ملازمین و افسران کی تنخواہوں اور مراعات کی تفصیلات طلب کر لیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان کو بنے 70 سال ہو گئے اور آپ میں سے کوئی بھی ایسا نہیں کہ کمپنی کو چلا سکے، صاف پانی کمپنی میں غیر ملکی کنسلٹنٹس کی کیا ضرورت پڑ گئی، یہ کیا کرتے ہیں، کیا ہمارا ٹیلنٹ ختم ہو گیا جو کنسلٹنٹس رکھے گئے۔ مزید برآں چیف جسٹس ثاقب نثار نے شلوار قمیص پہنے ڈاکٹر کے آپریشن کا نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس نے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو تصویر دکھانے کے لیے اپنا موبائل دے دیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ یہ میرے ماتحت نہیں ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ تو پھر آپ کس چیز کے وزیر ہیں ؟ ۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس نے یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی میرٹ سے ہٹ کر تعیناتیوں پر بھی ازخود نوٹس لے لیا۔ وائس چانسلرز کی تقرریوں کا مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔ دریں اثنا سپریم کورٹ نے سمبڑیال میں صحافی ذیشان بٹ کے قتل سے متعلق از خود نوٹس کیس میں ملزمان کو 4 دن میں گرفتار کرنے کا حکم د یدیا،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ملز مان ابھی تک گرفتار کیوں نہیں ہوئے، آسمان نگل گیا یا زمین کھا گئی، بتائیں کہ ملزمان کا تعلق کس پارٹی سے ہے اور انہیں کس کی حمایت حاصل ہے،کیا یہ کم ہے کہ قاتلوں کا تعلق(ن)لیگ سے ہے؟ آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان اب تک گرفتار نہیں کئے جاسکے تاہم ایک ہفتے میں انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔عدالتی استفسار پر آئی جی پنجاب نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق(ن)لیگ سے ہے لیکن انہیں کسی کی بھی سپورٹ نہیں، چیف جسٹس نے کہا کہ ملزمان کا تعلق حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)سے ہے کیا یہ کم ہے، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈال دیں، جس پر آئی جی پنجاب نے بتایا کہ ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈال دئیے گئے ہیں۔ عدالت نے آئی جی پنجاب عارف نواز کی ایک ہفتے کی مہلت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چار دن کی مہلت دے دی۔ مزید برآں چیف جسٹس مختلف مقدمات اور از خود نوٹسز کی سماعت کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچے تو اس موقع پر انہوں نے عدالت کے باہر اورنج لائن ٹرین منصوبے کا جائزہ بھی لیا۔ چیف جسٹس گاڑی سے اتر کر سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر آگئے اور انہوں نے زیرزمین سڑک کے زیر تعمیر حصہ پر کام کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے تھے کہ اگر پنجاب میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کام نہ ہوا تو اورنج لائن سمیت تمام پراجیکٹ روک دوں گا۔

ہفتہ، 7 اپریل، 2018

سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی طبیعت ناساز


سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی جس کے باعث وہ اپنا طبی معائنہ کرانے کیلئے ہولی فیملی اسپتال پہنچ گئے ہیں۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہےکہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثارکا ہولی فیملی اسپتال میں ایم آرآئی کیاجارہاہے ۔

پولیس اہلکاروں سے جھگڑا،چینی باشندوں کو ملک بدر کرنے کی سفارش

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر خانیوال میں ایک چینی کمپنی کے ملازمین اور ان کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھگڑے کے معاملے کی انکوائری کرنے کے بعد خانیوال پولیس نے حکومت سے پانچ چینی باشندوں کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دینے اور ملک بدر کرنے کی سفارش کی ہے پاکستان میں فیصل آباد سے ملتان تک بننے والی ایم فور موٹروے پر کام کرنے والی ایک تعمیراتی کمپنی کے کیمپ میں بدھ کے روز پولیس کے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کے ساتھ ہونے والے جھگڑے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد حکام کی جانب سے پولیس کو معاملے کی چھان بین کی ہدایت کی گئی تھی

ورچوئل کرنسی،غیر قانونی،عوام محتاط رہیں،اسٹیٹ بینک کا انتباہ


اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ورچوئل کرنسیوں سے منسلک خطرات کے بارے میں عام لوگوں کی آگاہی کیلئے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورچوئل کرنسیوں (بٹ کوائن، لائٹ کوائن، ون کوائن، ڈاس کوائن، پے ڈائمنڈ وغیرہ) کی بطور لیگل ٹینڈر کوئی حیثیت ہے اور نہ ہی بینک دولت پاکستان نے پاکستان میں کسی شخص یا ادارے کو ان کے اجراء، فروخت، خریداری، تبادلے یا سرمایہ کاری کا مجاز قرار دیا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے بینکوں ترقیاتی مالی اداروں مائکرو فنانس بینکوں اور پیمنٹ سسٹم آپریٹرز (پی ایس اوز) پیمنٹ سسٹم پرووائڈرز (پی ایس پیز) کو بی پی آر ڈی کے سرکلر نمبر 03 برائے 2018ء کے تحت ہدایت کی ہے کہ اپنے صارفین اکاؤنٹ ہولڈرز کو ورچوئل کرنسیوں کے لین دین کی سہولت نہ دیں کیوں کہ اس لین دین میں اونچے درجے کا خفیہ عمل کار فرما ہوتا ہے اور اسے ممکنہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ علاوہ ازیں ورچوئل کرنسیوں کی مبہم نوعیت کی بنا پر درج ذیل کسی ایک یا تمام خطرات کی وجہ سے ہونے والے نقصان کی صورت میں کسی شخص کو کسی طرح کا قانونی تحفظ یا تلافی موجود نہیں ہے۔ مرکزی بینک کے مطابق قیمتوں میں بلند اتار چڑھاؤ، کیونکہ ورچوئل کرنسیوں میں سرمایہ کاری نہایت غیر مستحکم ہے اور ان کی بنیاد سٹہ بازی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات کے علاوہ سیکورٹی نقائص، ہیکنگ وغیرہ کے واقعات بھی دنیا بھر میں سامنے آ چکے ہیں اور لوگوں کی بھاری رقومات کا نقصان ہوا۔ اسٹیٹ بینک نے عوام کو تنبیہ کی ہے کہ وہ ورچوئل کرنسیوں سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہونے سے گریز کریں تاکہ کسی ممکنہ مالی نقصان یا قانونی کارروائی سے محفوظ رہ سکیں۔

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر آج سے آزمائشی پروازوں کا آغاز ہو گا


اسلام آباد کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آزمائشی پروازوں کا باقاعدہ آغاز (آج)ہفتہ سے ہو رہاہے ، ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والی پہلی آزمائشی پرواز پی آئی اے کی ہوگی جس کے ذریعے قومی ایئر لائن کے ملازمین کے اہل خانہ نئے ایئرپورٹ پر پہنچیں گے تاہم نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا باقاعدہ افتتاح20اپریل کو ہوگا ۔ ہفتہ کو نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہلا طیارہ لینڈ کرے گا ۔ پہلی آزمائشی پرواز پی آئی اے کی ہوگی جس میں پی آئی اے ملازمین کے اہل خانہ ایئرپورٹ آئیں گے ، نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا باقاعدہ افتتاح20اپریل کو ہوگا جس کے بعد مقامی اور بین الاقوامی پروازیں اڑان بھر سکیں گی ۔

PK-9001 will depart from the Benazir International Airport at 12:30 pm and is expected to land at the new Islamabad Airport at 1:00 pm.

کرپشن الزامات، جنوبی کوریا کی سابق صدر کو 24 سال قید


سیؤل ( نیوز ایجنسی) جنوبی کوریا کی ایک عدالت نے بدعنوانی کے الزامات ثابت ہونے پر سابق صدر پارک گیون ہئی کو 24 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ سابق صدر کیخلاف مقدمے کی سماعت کرنے والے دارالحکومت سول کی سینٹرل ڈسٹرکٹ عدالت کے جج نے مقدمے کا فیصلہ جمعے کو سنایا۔ عدالت نے سابق صدر پر عائد رشوت ستانی، اختیارات کے بے جا استعمال اور عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھانے کے الزامات درست قرار دیتے ہوئے ان پر 18 ارب وون ( لگ بھگ ایک کروڑ 70 لاکھ امریکی ڈالر) کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ عدالت کے جج کم سی یون نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ سابق صدر نے ان اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جو عوام نے انہیں سونپے تھے اور نتیجتاً ریاست کے معاملات میں ابتری کا سبب بنیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ سابق صدر پر جنوبی کوریا کے دو بڑے کاروباری اداروں سام سنگ' اور 'لاٹے' کی انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر اپنی دیرینہ سہیلی چوئی سون سِل کو 23 ارب ون دلانے کا الزام بھی ثابت ہوا ہے جس کافائدہ چوئی کے خاندان اور ان کی فلاحی انجمنوں کو پہنچا۔ چوئی سون سِل کو فروری میں انہی الزامات کے تحت ایک عدالت نے 20 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اس سکینڈل میں جنوبی کوریا کے پانچویں بڑے صنعتی گروپ 'لاٹے' کے چیئرمین اور ’’ سام سنگ‘‘ کے سربراہ کو بھی ڈھائی، ڈھائی سال قید کی سزا ہوچکی ہے۔ تاہم ایک اعلیٰ عدالت نے ’’ سام سنگ‘‘ کے سربراہ کی اپیل پر انہیں ایک سال کی قید کی بعد رہا کردیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ سابق صدر نے اپنے جرائم پر شرمندگی کا کوئی اظہار نہیں کیا بلکہ الٹا اپنے کرتوتوں کا الزام اپنی سہیلی اور سیکرٹریز کے سر تھوپنے کی کوشش کی۔ استغاثہ نے عدالت سے اس مقدمے میں سابق صدر کو 30 سال قید اور 11 کروڑ امریکی ڈالر سے زائد جرمانہ کرنے کی استدعا کی تھی۔ چھیاسٹھ سالہ سابق صدر پارک گیون ہئی نے گزشتہ سال 31 مارچ سے جیل میں ہیں اور خود پر عائد تمام الزامات کو مسترد کرچکی ہیں۔ جمعے کو فیصلہ سنائے جانے کے وقت وہ کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے علالت کی وجہ سے عدالت جانے سے انکار کردیا تھا۔ 

جمعہ، 6 اپریل، 2018

ایم کیو ایم رہنما عبدالرؤف صدیقی کا مکہ مکرمہ میں نکاح، اہلخانہ اور دوست شریک



تفصیلات کے مطابق 56 برس کی عمر میں رؤف صدیقی کے سہرے کے پھول کھل گئے ہیں ان کا نکاح مکہ مکرمہ کے ایک ہوٹل میں پاکستانی شہری صوفیہ نامی خاتون کے ساتھ ہوا ہے۔

نکاح کی تقریب کے وقت انکے اہلخانہ اور دوست موجود تھے، روف صدیقی کا نکاح صالح زین العابدین نے پڑھایا۔

خیال رہے کہ روف صدیقی 15 اپریل کو 57 سال کے ہوجائیں گے اور یہ رہنماء ایم کیو ایم کا پہلا نکاح ہے۔

مذہبی امور کا حج کوٹے بارے عدالتی فیصلے پر نظر ثانی کیلئے اپیل دائر کرنے کا فیصلہ


 وزارت مذہبی امور نے حج کوٹے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کے لئے اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے وزارت مذہبی امور کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حج کوٹے کے حوالے سے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے سرکاری سکیم کا حج کوٹہ 60 فیصد اور پرائیویٹ سکیم کاکوٹہ 40 فیصد برقرار رکھنے کا حکم دیا۔ ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ وزارت مذہبی امور نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل دائرکرنے کافیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 80سال کے عمر رسیدہ افراد اور 3سے 4 مرتبہ حج قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے درخواست گزاروں کو کامیاب قرار دینے یا 10فیصد کے حساب سے 17ہزار کے باقی بچ جانے والے کوٹے کی قرعہ اندازی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ وزارت مذہبی امور سپریم کورٹ سے نظر ثانی اپیل کا فیصلہ آنے کے بعد کرے گی۔

مشرف کرنسی نوٹ پر اپنی تصویر چھپوانا چاہتے تھے ،جمالی


سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی نے پرویز مشرف کی کرنسی نوٹ پر اپنی تصویر چھپوانے کی خواہش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مشرف نے کہا تھا کہ کرنسی نوٹ پر میری تصویر چھاپی جائے مگر میں نے منع کردیا اور کہا کہ پاکستان کے نوٹ پر صر ف بانی پاکستان قائداعظم کی تصویر ہوسکتی ہے ،ختم نبوتؐ کے قانون میں تبدیلی کلیریکل غلطی نہیں تھی بلکہ جان بوجھ کو ختم نبوتؐ قانون میں ترمیم کی گئی تھی جس پر سپیکر سے میں نے شکوے کا اظہار کیا ، وزیرقانون زاہد حامد نے کہا کہ ختم نبوتؐ قانون میں ترمیم کمیٹی نے کی ،اچکزئی کے والد نے پاکستان بننے کی مخالفت کی تھی ، میاں صاحب اچکزئی کے پیچھے چلتے رہے ،انہوں نے مجھے عزت نہیں دی ، نوازشریف صرف چند اشخاص کی بات سنتے ہیں ۔ وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ میں آزاد ممبر بن کر اسمبلی میں آیا تھا اور (ن) لیگ نے مجھے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی ، میں نے کوئی مطالبہ نہیں کیا ، صرف اتنا کہا کہ مجھے عزت دو گے تو آؤں گا ، میں دو بار وزیراعلیٰ بلوچستان اور وزیراعظم پاکستان رہ چکا ہوں ،،اچکزئی کے والد نے پاکستان بننے کی مخالفت کی تھی ، میاں صاحب اچکزئی کے پیچھے چلتے رہے ،انہوں نے مجھے عزت نہیں دی ، نوازشریف صرف چند اشخاص کی بات سنتے ہیں ۔سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی نے کہا کہ میں نے نوازشریف کو ہمیشہ خلوص کیساتھ مشورے دیے ،1932سے میری فیملی مسلم لیگی ہیں 

کالا ہرن شکار کیس ‘ سلمان خان کو 5سال قید

جودھپور: بھارتی عدالت نے کالا ہرن شکار کیس میں بالی ووڈ کے دبنگ خان سلمان خان کو 5سال قید کی سزا سنادی جبکہ شریک ملزمان سیف علی خان، تبو، سونالی باندرے اور نیلم کو کیس سے بری کردیا گیا ہے۔کالا ہرن شکار کیس کی سماعت جودھپور کی عدالت میں ہوئی جہاں سلمان خان، سیف علی خان ، تبو، سونالی باندرے اور نیلم ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے۔ پانچوں اداکار کیس کی سماعت کے سلسلے میں ایک روز پہلے ہی راجھستان کے دارالحکومت جودھپور پہنچ گئے تھے۔جوڈیشل چیف مجسٹریٹ دیو کمار خطری نے کیس کا فیصلہ سنایا اور سلمان خان کے علاوہ باقی تمام اداکاروں کو کیس میں بری کردیا۔ عدالت کی جانب سے نایاب جانور کے شکار پر سلمان خان کو مجرم قرار دیا گیا۔ فیصلہ سناتے ہوئے جج نے سلمان خان کو عادی مجرم قرار دیا۔ سلمان خان کے وکیل کی جانب سے عدالت سے کم از کم سزا دینے کی درخواست کی گئی تاہم عدالت نے انہیں 2 سال قید کی سزا سنادی۔ دریں اثناء وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بالی وڈ اداکار سلمان خان کو کالے ہرن کیس میں ملنے والی سزا کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سزا سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کا خون ارزاں ہے۔ نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا سلمان خان کی سزا کے حوالے سے کہنا تھا کہ سلمان خان کو20سال بعد ہرن کے شکار سے متعلق کیس میں5سال کی سزا دیکر ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سلمان خان کو سزا اس لیے دی گئی کیونکہ ان کا تعلق بھارت کی اقلیت سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلمان خان کو دی جانے والی سزا سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں تمام اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کا خون ارزاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سلمان خان کا تعلق حکمراں جماعت کے مذہب سے ہوتا تو ہو سکتا ہے کہ انہیں کم سے کم سزا ملتی۔ 

16سال محنت،70ارب ڈالر خرچ،افغان فورسز بدستور ناکارہ،امریکی اعتراف

واشنگٹن(نیو زایجنسی ) امریکی حکام کی جانب سے کانگریس کو پیش کردہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ 16 سال کی سخت محنت اور 70 ارب ڈالر خرچ کرنے کے باوجود افغان فورسز ناکارہ ہیں ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کی بحالی پر مامور امریکا کے خصوصی انسپکٹر جنرل ( سیگار) نے اپنی پیش کردہ رپورٹ میں اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ افغانستان کی بری فورسز اب فضائی مدد کے بغیر طالبان کا مقابلہ نہیں کرسکتیں، چاہتی ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ طالبان عسکریت پسندوں کو شکست دینے کے لیے افغان ایئرفورس کے لیے یہ ضروری ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ افغانستان کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے اور ملک میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو دوبارہ بنانے سے روکنے کے لیے افغان نیشنل ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی فورسز ( اے این ڈی ایس ایف) کو مکمل باصلاحیت بنانا بھی امریکی قومی سلامتی کا مقصد تھا۔کانگریس کے سامنے پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2002 کے بعد سے اے این ڈی ایس ایف پر امریکی حکومت کے 70 ارب ڈالر کی سیکیورٹی امداد خرچ کرنے، ان کی تربیت، مشاورت اور معاونت کرنے کے باوجود افغان فورسز اپنی ہی قوم کی حفاظت کرنے کے قابل نہیں ہوسکیں۔اس حوالے سے امریکی محکمہ دفاع کے ایک اور سینئرعہدیدار میرن استرمیکی نے خبردار کیا کہ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ دشمن مضبوط ہے بلکہ افغان حکومت بہت کمزور ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی اور افغان حکام میں افغانستان میں قومی فوج کی نوعیت اور دائرہ کار پر شروع سے ہی اختلاف تھا اور افغان ایک بڑی فوج چاہتے تھے جو پاکستان کا سامنا کرسکے، تاہم امریکی حکام کا ماننا ہے کہ افغانستان میں استحکام کے لیے سب سے بڑا خطرہ پاکستان نہیں بلکہ گروپوں کی لڑائی ہے۔

بدھ، 4 اپریل، 2018

تہلکہ خیز خبر آگئی ! جج نے چیف جسٹس ثاقب نثار کے ہی خلاف درخواست جمع کروادی


اسلام آباد : ایک سیشن جج نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور ضابطہ اخلاق کی پر سپریم جوڈیشل کونسل سے رجوع کرلیا ہے۔ خیال رہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ چیف جسٹس خود ہیں۔ 
ایکسپریس ٹربیون کے مطابق کوہاٹ کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج احمد سلطان ترین نے منگل کے روز بذریعہ ڈاک سپریم جوڈیشل کونسل کو چیف جسٹس کے خلاف درخواست دی ہے۔15 صفحات پر مشتمل درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس کے حالیہ رویے نے ثابت کردیا ہے کہ وہ 2009 میں ججز کیلئے جاری کیے گئے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں۔ چیف جسٹس کا رویہ ہی ہے جس کے باعث پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے 27 مارچ کو ان کے خلاف قرارداد منظور کی۔ جج احمد سلطان ترین کی شکایت میں ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 5 کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی جج عوامی تنازعہ میں نہیں الجھے گا۔ 
درخواست میں جج احمد سلطان نے کہا ہے کہ بہت سے مواقع ایسے آئے جب چیف جسٹس آرٹیکل 5 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نظر آئے، ضابطہ اخلاق کی پاسداری میں ناکامی کے باعث چیف جسٹس نے نہ صرف اپنی ذات بلکہ سیاسی سوالات کے ذریعے سپریم کورٹ کی حیثیت کو بھی متنازعہ کردیا ہے۔سپریم کورٹ جو کہ پاکستان کے لوگوں کی انصاف کی فراہمی کی آخری امید ہے ، اس آخری امید سے غیر ذمہ دارانہ رویے کی توقع نہیں کی جاتی۔ 
سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیجی گئی شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے ایک کیس کی سماعت کے دوران قسم اٹھائی کہ ان کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے لیکن انہوں نے ادویات فراہمی کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران یہ ریمارکس بھی دیے کہ وہ پاکستان کے لوگوں کیلئے صاف پانی، بنیادی ضروریات اور سب کو کھانا فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ اگر چیف جسٹس کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے تو وہ ان چیزوں کا کیوں تقاضہ کررہے ہیں جو ان کے دائرہ اختیار میں ہی نہیں آتیں۔ شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے اپنے چیمبر میں وزیر اعظم سے ملاقات کی اور اس ملاقات کے ایجنڈے سے بھی لوگوںکو آگاہ نہیں کیا گیا جو کہ آئین کے آرٹیکل 19 اے کی خلاف ورزی ہے۔

News Source : Daily Pakistan Online

پاکستانی خلیجی معاشرے کیلئے خطرہ بن چکے،ملازمت نہ دی جائے


دبئی کی عمومی سکیورٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ضاحی خلفان نے نسل پرستانہ ٹویٹ کرکے پاکستانیوں سے اپنی نفرت کا اظہار کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ضاحی خلفان کی جانب سے یہ ٹویٹس دبئی انتظامیہ کی طرف سے منشیات کی سمگلنگ میں ملوث پاکستانیوں کے گینگ کی گرفتاری کے بعد سامنے آئے۔ منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کا گرفتار ہونا تھا کہ ضاحی خلفان نے ٹویٹر کے ذریعے پاکستانیوں سے اپنی نفرت کا زہر اگل دیا اور تمام پاکستانیوں کو اس کا ذمہ دار ٹھہرا دیا۔
 اپنے ٹویٹ میں ضاحی خلفان نے گرفتار ہونے والے گینگ ارکان کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی خلیجی معاشروں کیلئے خطرہ بن چکے ہیں کیونکہ وہ ہمارے ممالک میں منشیات لے کر آرہے ہیں، ہمیں ان کے داخلے کا طریقہ کار سخت کرنے کی ضرورت ہے۔
 دبئی کے عہدیدار نے اپنی نفرت صرف منشیات تک محدود نہیں رکھی بلکہ اماراتی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ ہمارا قومی فریضہ ہے کہ ہم پاکستانیوں کو ملازمت نہ دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی شہری کس طرح نظم و ضبط سے رہتے ہیں جبکہ پاکستانی انتشار کا شکار، جرائم میں ملوث اور سمگلنگ کرتے پائے جارہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ مجرمانہ رجحانات کے باعث ہم بنگلہ دیشی شہریوں سے سختی سے پیش آئے، اسی طرح پاکستانیوں پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
 واضح رہے کہ اس سے قبل بھی لیفٹیننٹ جنرل ضاحی خلفان ٹویٹر کے ذریعے متعدد شخصیات اور ممالک پر لفظی حملے کر چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن، ن لیگ کی پارٹی رجسٹریشن کے خلاف درخواست بحال


الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ( ن) کی پارٹی رجسٹریشن کے خلاف درخواست بحال کر تے ہوئے کیس کی سماعت اکیس مئی تک ملتوی کر دی، چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے تک کیس موخر کیا تھا، اب آپ کی درخواست بحال کر دی ہے، آپ دلائل دیں،پاکستان عوامی تحریک کے وکیل نے کہا آج سپریم کورٹ کا حکم نامہ پیش کیا ہے، دلائل کے لیے آئندہ کی تاریخ دی جائے۔ منگل کو الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن) کی پارٹی رجسٹریشن کے خلاف درخواست پرچیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی ۔ پاکستان عوامی تحریک کے وکیل مخدوم نیاز انقلابی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہو ئے ،وکیل مخدوم نیاز انقلابی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کی صدارت سے نواز شریف کو نااہل قرار دے چکی ہے۔ ممبر کے پی مسز ارشاد قیصر نے کہا کہ کیا آپ پارٹی سے نواز کا نام آپ ہٹانا چاہتے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے تک کیس موخر کیا تھا۔ اب آپ کی درخواست بحال کر دی ہے۔ آپ دلائل دیں۔ وکیل مخدوم نیاز انقلابی نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کا حکم نامہ پیش کیا ہے، دلائل کے لیے آئندہ کی تاریخ دی جائے۔الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ( ن) کی رجسٹریشن منسوخی سے متعلق کیس کی سماعت اکیس مئی تک ملتوی کر دی ۔عوامی تحریک کی جانب سے خرم نواز گنڈاپور۔ ابرار حسین اور مخدوم نیاز انقلابی نے مسلم لیگ ن سے نواز شریف کے نام کو ہٹانے سے متعلق درخواست دائر کر رکھی ہے۔

منگل، 3 اپریل، 2018

عمران خان کے گھر پر جرمانہ

سپریم کورٹ نے بنی گالہ اور کورنگ نالے کے اطراف غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کاحکم دیا ہے ۔۔ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ دو سے تین ہفتے میں تعمیرات کو قانونی دائرے میں نہ لایا گیا تو ذمہ دار وزیر کیڈ ہوں گے ۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف عمران خان کی درخواست پر لیے  از خود نوٹس کی سماعت کی ۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر رضوی نے بتایا کہ بنی گالہ میں تمام آبادی کو ریگولر کیا جائے گا، 30 مارچ 2018 کے بعد ہونے والی تعمیرات گرا دی جائیں گی، سی ڈی اے نے ریگولیشنز کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے _
چیف جسٹس نے عمران خان کے وکیل بابراعوان سے پوچھا کہ کیا آپ ریگولیشنز سے مطمئن ہیں _ بابر اعوان نے کہا کہ آپ کے حکم کے مطابق مل کر ریگولیشنز تیار کی ہیں _ پاکستان 24 کے مطابق جسٹس عمر عطا نے کہا کہ 8 مرلے پلاٹ کی تعمیرات کو صرف 10روپے جرمانہ وصولی پر ریگولر کریں گے، کیا یہ مذاق نہیں ہے _
وکیل نے بتایا کہ یہ فی مربع فٹ پر جرمانہ ہے_ چیف جسٹس نے کہا کہ مستقبل میں کوئی غیرقانونی تعمیرات نہ ہوں، ہمارا مقصد نالہ کورنگ اور بوٹینیکل گارڈن کاتحفظ ہے _
 عدالت نے بوٹینیکل گارڈن تجاوزات کے زیر التوا مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ریگولائزیشنز اورمتعلقہ قوانین کی دوہفتے میں منظوری لی جائے ۔ عدالت نے پنجاب حکومت سے سیوریج منصوبے کی ماہانہ پیشرفت رپورٹ بھی مانگ لی۔۔ کورنگ نالے کے اطراف غیر قانونی تعمیرات کےخلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ سے مقدمات کا ریکارڈ اور تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ کیس کی مزید سماعت کل دوبارہ ہوگی ۔
 ذرائع کے مطابق بنی گالہ اور آس پاس کی آبادی کو بغیر کسی جرمانے کے ریگولر کیا جائے گا اور یہ فیصلہ وفاقی وزیر طارق فضل کی وجہ سے کیا گیا ہے کیونکہ علاقے کی آبادی کا ووٹ بنک ہے _
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر سمجھتے ہیں کہ عمران خان اپنے گھر کا جرمانہ آسانی سے ادا کر سکتے ہیں لیکن مقامی آبادی کے ہر گھر کیلئے جرمانہ ادا کرنا ممکن نہیں _
 ذرائع کے مطابق عمران خان کے گھر کا تعمیر شدہ رقبہ پندرہ ہزار تین سو فیٹ ہے اور 8 روپے کے حساب سے ان کا نقشہ منظور کرائے بغیر بنایا گیا گھر ایک لاکھ 22 ہزار روپے جرمانہ ادا کر کے قانونی ہو جائے گا _

چوہدری نثارکی شہباز سے ملاقات تحفظات سے آگاہ کیا


سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے شہباز شریف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، شہباز شریف نے کہا کہ آپ کوپارٹی کے ساتھ چلتے رہنا چاہیے۔ پیر کو ذرائع کے مطابق چوہدری نثار اور وزیراعلی پنجاب کے درمیان ملاقات ہوئی جو 45 منٹ تک جاری رہی جس کے دوران ملکی حالیہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی جب کہ اس دوران چوہدری نثار نے انہیں اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے دوران گفتگو چوہدری نثار کو کہا کہ انہیں پارٹی کے ساتھ چلتے رہنا چاہیے۔ چوہدری نثار پارٹی کا اثاثہ ہیں، حالات آہستہ آہستہ ٹھیک ہوجائیں گے ۔ اس ملاقات میں چوہدری نثار اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان معاملات پر برف پگھلی ہے

اتوار، 1 اپریل، 2018

رمضان میں شدید گرمی ہوگی،محکمہ موسمیات کی پیشگوئی


محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر غلام رسول نے کہا ہے کہ مارچ میں سندھ میں گرمی کے کئی سال کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، اگلے 2مہینے موسممعمول سے زیادہ گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، منگلا اور تربیلا ڈیم لیول پر ہیں، گلیشیئرز کا پانی ڈیموں میں آنے کے باوجود تمام ضرورتیں پوری نہیں ہوں گی۔ ڈی جی میٹ ڈاکٹر غلام رسول نے بتایا کہ مارچ میں سندھ میں گرمی کے کئی سال کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، مئی اور جون میں معمول سے زیادہ گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ ڈی جی میٹ نے کہا کہ آئندہ دو ماہ معمول سے زیادہ گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ اپریل اور مئی میں بارشیں بھی معمول سے کم ہونے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرمی زیادہ ہونے کے باعث پانی کی طلب میں اضافہ ہو گا، اپریل میں برف پگھلنے اور مئی میں گلیشیئرز پگھلنے سے ڈیموں میں کچھ پانی آئے گا لیکن گلیشیئرز کا پانی ڈیموں میں آنے کے باوجود تمام ضرورتیں پوری نہیں ہوں گی۔

ن لیگ کو گھر کی لونڈی بنایا گیا تو شاید پارٹی سے رشتہ نہ رہے،چوہدری نثار


سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سے رشتہ اور ناطہ قائم رکھنا چاہتا ہوں لیکن پارٹی کو گھر کی لونڈی بنایاگیا تو شاید پارٹی سے بھی رشتہ نہ رہے۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ 34سال سے نواز شریف اور سینئر اکابرین سے مل کر پارٹی کی داغ بیل رکھی تاہم اب میاں نواز شریف سے وہ روابط نہیں اور وہ سلسلہ شاید نہیں جو مسلم لیگ ن سے ہے، میرے ٹکٹ کا فیصلہ پارٹی نے کرناہے نہ کسی پارلیمانی بورڈ نے میں نے الیکشن کس پارٹی کے پلیٹ فارم سے لڑناہے یہ فیصلہ میں نے کرناہے اور بہت جلد یہ فیصلہ کروں گا کہ کس پلیٹ فارم سے الیکشن لڑوں۔ چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ عمر ان خان سے میری ذاتی دوستی رہی ہے سیاسی تعلق نہیں رہا اور گزشتہ ساڑھے 3سال سے عمران خان سے براہ راست یا بلواسطہ کوئی رابطہ نہیں، عمران اور زرداری کا سیاسی طورپر ہاتھ ملانا اچھا شگون ہے جب کہ میری اور آصف زرداری کی سیاست بہت مختلف ہے اگر نظریات ملتے ہوں تو ایک جگہ بیٹھنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے لندن قیام سے متعلق غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہیں،شہباز شریف صرف اپنی خرابی صحت کی وجہ سے لندن میں موجود ہیں جب کہ مجھے خدشہ ہے شہبازشریف کو کام کرنے کا مینڈیٹ اور گنجائش نہیں دی جائے گی، پارٹی صدارت کے بعد انھیں کام کرنے کا مینڈیٹ دیاگیا تو کئی امور میں بہتری آ سکتی ہے۔ وزیراعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ چیف جسٹس اور وزیراعظم کی ملاقات سے ابہام دور نہیں ہوئے بلکہ اضافہ ہوا،ملاقات کا مقصد اگر اداروں میں نرمی پیدا کرنا تھا تو میں ایک سال سے یہی بات کررہا ہوں اگر یہ راستہ اختیار کرلیا جاتا تو اس ملاقا ت کی ضرروت نہ پڑتی جب کہ حکومت اور سپریم کورٹ شکوک شبہات دور کرنے کے لئے مل کر قدم اٹھانا چا ہئے، چوہدری نثار نے وزیراعظم کے دورہ امریکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی امریکی نائب صدر سے ملاقات کامقصد منفی امریکی بیانیہ کی تشہیر ہے مجھے وزیراعظم اور امریکی نائب صدر کی ملاقات کا مقصد سمجھ نہیں آیا، ہمیں امریکی حکام کو یہ موقع نہیں دینا چاہیے کہ وہ ہماری قیادت کو لیکچر دیں اوریکطرفہ مسلط کردہ امریکی بیانیہ کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں