They are 100% FREE.

منگل، 30 جون، 2020

یورپین یونین ائیرسیفٹی ایجنسی نےپی آئی اےکافضائی آپریشن اجازت نامہ 6ماہ کیلئے معطل کردیا



یائلٹوں کی ڈگریوں پر وفاقی وزیر کا بیان مہنگا پڑ گیا:
یورپی یونین ائیر سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی یورپی ملکوں کے لیے فضائی آپریشن کا اجازت نامہ چھ ماہ کے لیے معطل کردیا،جس کے بعد پی آئی اے کی پروازیں یورپ میں کسی جگہ لینڈ نہیں ہو پائیں گی ۔حکومت کی جانب سے جن پائلٹس کے لائسنس مشتبہ قرار دئیے گئے ہیں جب تک وہ کلیئر نہیں ہو جاتے تب تک یورپی یونین کے ممالک میں نہیں آسکتے ۔معطلی کا اطلاق یکم جولائی 2020کو رات 12بجے یورپی ٹائم کے مطابق ہو گا۔ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ پی آئی اے یورپی فضائی سیفٹی کے اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کے خدشات کو دور کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہے ۔جن مسافروں کے پاس پی آئی اے کی بکنگ ہے وہ بکنگ آگے کروا سکتے ہیں یا ریفنڈ لے سکتے ہیں ۔

پیر، 29 جون، 2020

پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا پولیس کی جوابی کارروائی میں تمام دہشت گرد مارے گئ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قریب دستی بم کا حملہ اور فائرنگ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گروں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشت گروں کو ہلاک کردیا ہے، فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار سمیت 4 سیکیورٹی گارڈ بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق حملےمیں ملو ث تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے ،جبکہ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، بی ڈی ایس کے عملے کو طلب کرلیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ساوتھ کا کہناہے کہ دہشت گرد جس گاڑی میں آئے تھے اسے بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے،پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 افراد بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دہشت گروں کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر جدید اسلحہ اور دستی بموں سے حملہ کیا تھا۔

ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے پولیس اہلکار اور 4 سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوئے ہیں ، جبکہ سول اسپتال میں 7 زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے۔

مقدس حیدر نے بتایا کہ فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ہے جسے اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل کے مطابق حملہ آوروں کے پاس جدید ہتھیار موجود تھے،وہ پارکنگ کے ذریعے عمارت میں داخل ہوئے تھے۔

 پولیس کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ  آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی اس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ لوگ کہاں سے آئے تھے اور ان کا تعلق کس تنظیم سے تھا، تا ہم پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا، اس بات کی تصدیق کر دی گئی ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

جمعہ، 26 جون، 2020

سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن اللہ کو پیارے ہوگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون



 سابق امیر جماعت اسلامی  سید منور حسن طویل علالت  کے بعد کراچی میں  وفات پاگئے ہیں 

جماعتِ اسلامی کے رکنِ سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے سید منور حسن کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ طویل عرصے سے علیل اور مقامی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

سابق امیرِ جماعتِ اسلامی سید منور حسن اگست 1941ء میں دہلی میں پیدا ہوئے، 1947ءمیں وہ خاندان کے ہمراہ پہلے دہلی سے لاہور اور پھر لاہور سے کراچی پہنچے۔

سید منور حسن نے نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے طلباء سیاست کا آغاز کیا،وہ 1959ء میں نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر بھی رہے۔

سید منورحسن جون 1960ء میں اسلامی جمعیت طلبہ میں شامل ہوئے، 1963ء میں اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم رہے۔

اتوار، 21 جون، 2020

پاکستان میں سورج کو گرہن لگ گیا

اتوار کو ہونے والا سورج گرہن کراچی میں 100 فیصد دیکھا جاسکے گا

سورج کو گرہن لگ گیا، چاند زمین تک پہنچنے والی سورج کی شعاعوں کا راستہ روکنے لگا، 11 بجے کے آس پاس گرہن اپنے عروج پر پہنچے گا، کچھ علاقوں میں جزوی اور کہیں مکمل طور پر روشنی کا ہالہ دیکھا جاسکے گا۔

ماہرِ امراض چشم کے مطابق گرہن کے دوران سورج کی طرف دیکھنے والوں کی آنکھوں کے پردے کا مرکزی حصہ متاثر ہو سکتا ہے۔

علمائے کرام کہتے ہیں کہ سورج گرہن کے دوران توبہ، استغفار کی کثرت کے ساتھ نمازِ کسوف ادا کریں۔

پاکستان میں آج صبح 9 بج کر 26 منٹ پر سورج کو گرہن لگنا شروع ہو گیا، مکمل گرہن لگنے کے بعد سورج روشنی کے گول دائرے یا چھلے کی مانند نظر آئے گا۔

رِنگ آف فائر کا یہ منظر پاکستان میں بھی دیکھا جاسکے گا، سورج گرہن دوپہر 1 بجے کے بعد تک جاری رہے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج گرہن کے وقت براہِ راست سورج دیکھنے کی کوشش نہ کریں، بینائی کو نقصان پہنچ سکتا ہے یا بینائی جانے کا خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق سورج گرہن پاکستان سمیت افریقہ اور ایشیاء کے کئی ممالک میں دیکھا جا سکے، ملک کے کچھ شہروں میں مکمل اور کہیں جزوی روشنی کا ہالہ بنے گا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں سورج گرہن کا آغاز صبح 9 بجکر 26 منٹ پر ہوا، جبکہ شہرِ قائد میں سورج گرہن کا اختتام 12 بج کر 46 منٹ پر ہو گا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق سورج کو جزوی گرہن لگنے کا آغاز 8 بج کر 46 منٹ پر ہوا ہے، 11 بج کر 40 منٹ پر گرہن اپنے عروج پر ہو گا، جبکہ دوپہر 2 بج کر 34 منٹ پر گرہن ختم ہو جائے گا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مکمل یا تکمیل کے قریب سورج گرہن بلوچستان کے ساحلی علاقوں، شمالی سندھ اور جنوبی پنجاب میں دیکھا جا سکے گا۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ 1999ء والے گرہن کے بعد یہ سب سے بڑا سورج گرہن ہوگا، کراچی میں گرہن کے دوران سورج کا 92 فیصد حصہ چاند کے پیچھے چھپ جائے گا۔

لاہور میں سورج گرہن کا آغاز صبح 9 بج کر 48 منٹ پر ہوگا، 11 بج کر 26 منٹ پر اس کا عروج ہو گا، سورج کا 91 فیصد حصہ چاند کے پیچھے چھپ جائے گا۔

لاہور میں سورج گرہن کا اختتام دوپہر 1 بج کر 10 منٹ پر ہوگا، جبکہ اسلام آباد میں سورج گرہن کا عروج دن 11 بج کر 25 منٹ پر ہو گا۔

سورج گرہن کی وجہ سے درجۂ حرارت میں واضح کمی آئے گی۔

ماہرینِ فلکیات و طب نے سورج گرہن کے دوران براہِ راست سورج کا مشاہدہ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

طبی ماہرین نے سورج گرہن کے دوران سورج کی طرف بغیر کسی فلٹر والے چشمے کے دیکھنے سے منع کیا ہے اور کہا ہے کہ ذرا سی بے احتیاطی سورج گرہن دیکھنے والے کو عمر بھر کے لیے بصارت سے محروم کر سکتی ہے۔

ہفتہ، 20 جون، 2020

پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی

پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی
لاہور : پنجاب بھر میں آکسیجن کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف دفعہ 144 نافذکر دی گئی‘ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرکے مطابق محکمہ داخلہ نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کی سفارش پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے‘ اور اس حوالے سے فوری طور پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا‘انہوں نے کہا کہ آکسیجن سلنڈر، ریگولیٹر، کنسنٹریٹر، پلس آکسی میٹر کی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف 144 لگائی گئی ہے‘انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 کے نفاذ سے ضلعی انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزی روکنے میں مدد ملے گی‘انہوں نے کہاکہ مریضوں کے لیے کسی بھی چیز کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کر رہے ہیں۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہاکہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری سے کورونا وائرس کے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے‘ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کورونا وائرس مریضوں کے لیے سہولیات کی ازخود نگرانی کر رہے ہیں‘انہوں نے کہاکہ دفعہ 144 کا نفاذ فی الفور ہو گا، 2 ماہ تک لاگو رہے گی۔

جامعہ بنوریہ کراچی کے مفتی نعیم انتقال کر گئے

جامعہ بنوریہ کراچی کے مفتی نعیم انتقال کر گئے
کراچی : جامعہ بنوریہ کراچی کے مفتی نعیم انتقال کر گئے، طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا لیکن راستے میں ہی دم توڑ گئے، صاحبزادے نے والد کے انتقال کی تصدیق کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے معروف مذہبی اسکالر، جامعہ بنوریہ کراچی کے مفتی نعیم انتقال کر گئے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مفتی نعیم کے صاحبزادے مفتی نعمان نے تصدیق کی ہے کہ ان کے والد انتقال کر گئے ہیں۔

مفتی نعمان نے بتایا ہے کہ ان کے والد مفتی نعیم دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ کچھ روز سے ان کی طبیعت ناساز تھی اور انہیں بخار کی شکایت بھی ہوئی۔ آج ہفتے کے روز طبیعت بگڑنے پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا، لیکن وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال کر گئے۔

کچھ روز قبل ان کا کرونا ٹیسٹ کروایا گیا تھا جس کی رپورٹ منفی آئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ مفتی نعیم کی نماز جنازہ کے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ترجمان جامعہ بنوریہ کا کہنا ہے کہ مفتی نعیم کی نماز جنازہ و تدفین کا اعلان جامعہ بنوریہ کی کمیٹی سے مشاورت کے بعد ہوگا۔ واضح رہے کہ مفتی نعیم ملک کے ممتاز مذہبی اسکالرز میں شمار کیے جاتے تھے۔ وہ سائٹ ایریا میں واقع جامعہ بنوریہ کے مہتمم تھے۔ انہوں نے کئی اہم معاملات میں ریاست کے حق میں فتوے بھی جاری کیے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں کرونا وائرس کے علاج کیلئے پلازمہ کی فروخت کو غیر قانونی غیر شرعی قرار دیتے ہوئے فتویٰ بھی جاری کیا تھا۔

جمعرات، 18 جون، 2020

عمران فاروق قتل کیس، فیصلہ آج، ملزمان کو پھانسی نہیں دی جائیگی

عمران فاروق قتل کیس، فیصلہ آج، ملزمان کو پھانسی نہیں دی جائیگی
متحدہ قومی موومنٹ لندن (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا، ڈاکٹر عمران فاروق کو 16 ستمبر 2010 کو برطانیہ میں قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 5 دسمبر 2015 کو پاکستان میں اس قتل کا مقدمہ درج کیا تھا جس میں تین ملزمان خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کو گرفتار کیا گیا،پاکستانی حکومت کی جانب سے برطانیہ کو دوران ٹرائل جرم ثابت ہونے کے باوجود ملزمان کو سزائے موت نہ دینے کی یقین دہانی کرائی گئی جس کے بعد کیس میں پیشرفت ہوئی اور برطانیہ نے باہمی قانونی معاونت کے تحت شواہد فراہم کیے،ملزمان کی ٹریول ہسٹری، موبائل فون ڈیٹا، فنگر پرنٹس رپورٹ، مقتول کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کو بطور شواہد ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا۔

ایئرپورٹس پر تمام مسافروں کے ٹیسٹ ہوں گے، معید یوسف


وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ ایئر پورٹس پر تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معید یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے والے جن مسافروں میں وائرس کی علامات ہوں گی ان کو قرنطینہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر زلفی بخاری نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ایسے پاکستانی جو چھٹیوں پر ہیں ان سے درخواست ہے کہ وہ پاکستان نہ آئیں۔

بدھ، 17 جون، 2020

معروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز انتقال کر گئے

Image may contain: 1 person, standing and suit

معروف ٹی وی کمپیئر اور کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے طارق عزیز انتقال کرگئے۔

طارق عزیز ادیب، شاعر اور سابق رکن قومی اسمبلی بھی تھے، انہوں نےکئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

معروف اداکار طارق عزیز پی ٹی وی کے مقبول پروگرام نیلام گھر کے میزبان تھے۔

طارق عزیز نے ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا انہیں پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے اینکر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

یا۔پی ٹی وی کا خبر نامہ پڑھنے والے پہلے اینکر ہونے کا اعزاز بھی طارق عزیز کو یہ حق حاصل ہے۔ طارق عزیز کا انتقال بدھ کے روز ہوا۔ان کے انتقال کی خبر کی تصدیق ان کے بیٹے نے بھی کی ہے۔

طارق عزیز پی ٹی وی کے کوئز شو نیلام گھر کی وجہ سے جانے جاتے تھے۔

جو پہلے 1974 میں نشر ہوا تھا ، بعد میں اس کا نام بدل دیا گیا۔ان کے پروگرام کا نام طارق عزیز شو اور بعد میں بزم طارق عزیز کے نام سے جانا جاتا تھا۔وہ 1997 سے 1999 کے درمیان پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

ایک عہد تمام ہوا

دیکھتی آنکھوں، سنتے کانوں، طارق عزیز کا آخری سلام قبول 

                                                                 ہوا!

                                             انا للہ وانا الیہ راجعون

منگل، 16 جون، 2020

فوجی عدالتیں اور حراستی مراکز: پشاور ہائیکورٹ نے 196 افراد کو دی گئیں سزائیں کالعدم قرار دے دیں

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ

پشاور ہائی کورٹ نے فوجی عدالتوں کی طرف سے مختلف الزامات کے تحت سزاؤں کے خلاف دائر اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے 196 افراد کی سزائیں کالعدم قرار دے دی ہیں۔ جبکہ مزید ایک سو سے زیادہ مقدمات کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

منگل کو عدالت میں تقریباً 300 سے زیادہ ایسی درخواستوں پر سماعت ہوئی جنھیں فوجی عدالت سے سزائیں سنائی گئی تھیں۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس نعیم انور پر مشتمل بینچ نے اس کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزاروں کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل شبیر گگیانی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ عدالت نے ان درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا ہے جن کا ریکارڈ سرکار کی جانب سے پیش کیا گیا ہے جبکہ ان درخواستوں پر جن کا ریکارڈ اب تک پیش نہیں کیا جاسکا ان کی سماعت آئندہ دنوں میں ہوگی۔

جسٹس وقار احمد سیٹھ نے گذشتہ سال بھی فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ افراد کی اپیلوں کو منظور کرتے ہوئے ان کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔


صبح ہی صبح زلزلہ کے جھٹکے

 
 ٹیکسیلا ، واکینٹ ،پشاور، نوشہرہ، مردان، مانسہرہ،  کوہستان،  راولپنڈی، ہری پو ر ، گوجر
خان  اور گرد و نواع میں زلزلہ کے جھٹکے صبح چھ بج کر بتیس منٹ پر محسوس کئے گئے
زلزلہ کا مرکز تا جکستان  میں سطح زمین سے 112 کلومیٹر گہرائی میں  بتایا جا رہا ہے  زلزلے کی شدت                          ریکارڈ کی گئی  M5.7
فوری طور پر کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ۔

پیر، 15 جون، 2020

آپ مختلف قوانین پڑھا رہے، عدالت کے پاس اتنا وقت نہیں، جسٹس عمرعطاء بندیال

آپ مختلف قوانین پڑھا رہے، عدالت کے پاس اتنا وقت نہیں، جسٹس عمرعطاء ..
اسلام آباد : سپریم کورٹ میں جسٹس فائز عیسیٰ کیس کی سماعت کے دوران جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ آپ مختلف قوانین پڑھا دہے، عدالت کے پاس اتنا وقت نہیں، آپ انکم ٹیکس اور جوڈیشل کونسل کے متعین قوانین کے تحت دلائل دیں، آپ کہتے بیرون ملک جائیداد رکھنا مناسب نہیں، جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کس قانون کے تحت کونسل جج سے اہلیہ کی جائیداد کا پوچھ سکتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس فائز عیسیٰ کیس کی سماعت جاری ہے، جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 10 رکنی کیس سماعت کررہا ہے۔ جسٹس فائز عیسیٰ کیس میں حکومتی وکیل فروغ نیسم نے دلائل دیے کہ ہمارے معاشرے میں جج کی بڑی عزت و تکریم ہے۔ جج کے پاس جوڈیشل اختیاراللہ کی امانت ہے۔

عدلیہ پرعوام کا اعتماد بڑا مقدس ہوتا ہے۔ مسلمانوں کے جج پرعوام کا اعتماد بڑا مقدس ہے۔

ہم امید کرتے ہیں ہمارے جج کا کوڈ آف کنڈکٹ بہت اعلیٰ ہے۔ جج معاشرے میں بڑا بااختیار ہوتا ہے،اس کی بہت عزت ہوتی ہے۔ عوام کا عدالت عظمیٰ کے جج پر اندھا اعتماد ہوتا ہے۔ عوام کا عدلیہ پر اعتماد مجروح نہیں ہونا چاہیے۔ عدلیہ کی آزادی بڑی اہم ہے۔ جسٹس منصورعلی شاہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کیا تسلیم کرتے ہیں کہ یہ مقدمہ عدلیہ کی آزادی کا ہے۔

فروغ نسیم نے کہا کہ یہ عدلیہ کی آزادی کا مقدمہ بھی ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کا دورہے جج پر جو مرضی کیچڑ اچھال دیں،آپ کہیں گے جج کی ساکھ خراب ہوگئی۔ جس پر فروغ نیسم نے کہا کہ جھوٹی خبرشیئر ہوتی ہے۔ زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔ یہاں پر جج کی اہلیہ اور۔بچوں کی لندن میں مہنگی جائیدادیں ہیں۔ یہ تاثرغلط ہے کہ جج صاحب اہلیہ کی جائیداد پر وضاحت نہیں دے رہے۔

جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ قانون کے مطابق اہلیہ اور بچوں سے پوچھ لیں جائیداد کیسے خریدی۔ فروغ نسیم نے کہا کہ جج صاحب نے جائیداد کی خریداری کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار نہیں کیا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کس قانون کے تحت کونسل جج سے اہلیہ کی جائیداد کے بارے میں پوچھ سکتی ہے۔ جس پر فروغ نسیم نے کہا کہ سب سوالوں کے جواب دوں گا۔ جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ عدالت کے پاس اتنا وقت نہیں ہے۔

کیا ایک جج کی نجی زندگی میں اہلیہ اور بچے کی زندگی بھی شامل ہے۔ آپ کے سامنے انکم ٹیکس اور جوڈیشل کونسل کے متعین قوانین موجود ہیں۔ آپ ہمیں مختلف قوانین پڑھا رہے ہیں۔ آپ انکم ٹیکس اور جوڈیشل کونسل کے متعین قوانین کے تحت دلائل دیں۔ آپ کہتے ہیں بیرون ملک جائیداد رکھنا مناسب نہیں۔ آج آپ نے بڑی اہم بات کی۔ جج کی اہلیہ کو پبلک آفس ہولڈر خاوند کی وجہ سے مراعات ملی ہیں۔

اتوار، 14 جون، 2020

تنخواہیں، پنشن نہ بڑھنے پر کئی شہروں میں سرکاری ملازمین کا احتجاج,,پی او ایف ورکمین تنظیموں کے عہدیداروں نے اپنا حتمی پلان بنانے کے لئے صلاح مشورہ شروع کر دیا


بجٹ میں تنخواہیں، پنشن نہ بڑھنے پر لاہور، ننکانہ صاحب، سرگودھا، اوکاڑہ، پشاور سمیت کئی شہروں میں سرکاری ملازمین اور انکی تنظیموں کا ریلیاں اور کیمپ لگاکر شدید احتجاج، ریلوے مزدوروں (لیبر یونین) نے تیزگام ٹرین کا انجن 
احتجاجاً روک لیا اور ریل کا پہیہ مکمل روکنےکی دھمکی دیدی۔

پی او ایف  ورکمین  تنظیموں   کے عہدیداروں  نے اپنا  حتمی پلان بنانے کے لئے  صلاح مشورہ شروع کر دیا ہے
   
    ایپکا کے ملازمین نےبازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر دفاتر   
 میں   کام چھوڑ ہڑتال کرکے تالا بندی کی، اور مہنگائی اور بجٹ کے پتلے اٹھا کر بجٹ کا علامتی جنازہ نکالااور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے وفاقی بجٹ کو ملازمین دشمن قرارد یتے ہوئے مسترد کردیا ۔ ایپکا نے آئی ایم ایف اور حفیظ شیخ کیخلاف ملک گیراحتجاج کااعلان کردیا۔پشاورسول سیکرٹر یٹ کو آرڈنیشن کونسل نے بھی دھرنے کی دھمکی دیدی۔
لاہور میں احتجاج کے دوران صدرریلوے لیبر یونین سرفراز احمد نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے مزدور دشمنی کا ثبوت دیا۔ملازمین قاتل بجٹ پیش کیا گیا جسے مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پر مایوسی ہوئی ۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار بڑھا تے ہوئے ملک بھر میں ریل کا پہیہ روک دینگے۔

سعودی عرب کا رواں سال حج منسوخ کرنے پر غور

سعودی عرب کا رواں سال حج منسوخ کرنے پر غور

کراچی (نیوزڈیسک )سعودی عرب کے حکام نے 1932میں سلطنت کے قیام کے بعد پہلی بار رواں سال حج منسوخ کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کے سینئر عہدیدار نے برطانوی اخبار ʼفنانشل ٹائمز کو بتایا کہ ʼملک میں کورونا وائرس کے کیسز ایک لاکھ سے زائد ہونے کے بعد حکام رواں سال حج منسوخ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

 ʼحکام معاملے کا باریکی سے جائزہ لے رہے ہیں اور مختلف پہلوؤں پر غور کیا جارہا ہے، جبکہ باضابطہ فیصلہ ایک ہفتے کے اندر کر لیا جائے گا۔

رات کی نسبت اب بہتر محسوس کر رہا ہوں....ہسپتال منتقلی کے بعد کورونا میں مبتلا شیخ رشید کا پہلا بیان سامنے آگیا


راولپنڈی :وزیر ریلوے شیخ رشید نے ہسپتال سے اپنے پیغام میں کہاہے کہ میراکورونا کاعلاج جاری ہے ،ڈاکٹرزاورنرسنگ سٹاف اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق علاج کررہے ہیں ،الحمداللہ!رات کی نسبت اب بہتر محسوس کررہاہوں۔

یہ بھی پڑھیئے: 4 ممالک کا اپنے شہریوں کو رواں سال حج ادائیگی کیلئے سعودی عرب کا سفر کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہاہے کہ جولوگ میری جلد صحت یابی کیلئے دعائیں کررہے ہیں ان کا بہت شکرگزارہوں،شیخ رشید نے کہاہے کہ عوام سے اپیل کرتا ہوں وہ کورونا کی بیماری کو سنجیدہ لیں ،انہوں نے اپیل کی ہے کہ لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اورگھروں میں رہیں ۔

کرونا وائرس کے شکار وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی طبیعت بگڑ گئی.. انہیں سی ایم ایچ ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا

کرونا وائرس کے شکار شیخ رشید احمد کی طبیعت بگڑ گئی
راولپنڈی : کرونا وائرس کے شکار شیخ رشید کی طبیعت بگڑ گئی، وزیر ریلوے کی طبیعت ہفتے کی شام سے ناساز تھی جس کے بعد انہیں سی ایم ایچ ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے حوالے سے تشویش ناک خبر موصول ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شیخ رشید کو طبیعت بگڑنے پر سی 
ایم ایچ ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد میں 2 روز قبل کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے خود کو قرنطینہ کر لیا تھا۔ اس دوران وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور دیگر سیاسی رہنماوں نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی تھی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔

اب بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی شام کو شیخ رشید احمد کی طبیعت بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں راولپنڈی کینٹ میں واقع سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سی ایم ایچ حکام کے مطابق شیخ رشید احمد کا علاج کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ اب تک ملک کی تمام ہی بڑی سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں سیاستدانوں اور اراکین اسمبلی میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔ کچھ اراکین اسمبلی کرونا وائرس کے باعث انتقال بھی کر گئے۔ جبکہ اس وقت کئی اراکین اسمبلی و سیاسی شخصیات زیر علاج ہیں۔

ہفتہ، 13 جون، 2020

پیپلز پارٹی بجٹ کو مکمل مسترد کرتی ہے، بلاول بھٹو زرداری

عمران خان بھگوڑے اور غدار کوبچانے کی کوشش کررہے ہیں، بلاول بھٹوزرداری

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔

ایک بیان میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومتی بجٹ پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے مایوس کن بجٹ پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان دنوں تاریخی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے آج ہر پاکستانی کی جان خطرے میں ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ٹِڈی دل کا سب سے بڑا حملہ ہماری زراعت پر ہے جو فوڈ سیکیورٹی اور معیشت کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ملک کو درپیش خطرات کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی، پی ٹی آئی حکومت نے روایتی بجٹ پیش کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی ایم ایف کا عوام دشمن بجٹ ہے، وفاقی بجٹ میں عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں ملا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: 4 ممالک کا اپنے شہریوں کو رواں سال حج ادائیگی کیلئے سعودی عرب کا سفر کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

انہوں نے مزید کہا کہ آج پیش کیے گئے بجٹ میں ریلیف صرف امیر طبقے کو ملا ہے، بجٹ میں عام آدمی کو صرف اور صرف تکلیف دی گئی ہے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا ہے کہ بجٹ میں تنخواہوں اور پینشنز میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، اس وقت بزرگوں کو پینشن بڑھا کر ریلیف پہنچانا چاہیے تھا۔

4 ممالک کا اپنے شہریوں کو رواں سال حج ادائیگی کیلئے سعودی عرب کا سفر کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

4 ممالک کا اپنے شہریوں کو رواں سال حج ادائیگی کیلئے سعودی عرب کا سفر ..
پیرس : 4 ممالک کا اپنے شہریوں کو رواں سال حج ادائیگی کیلئے سعودی عرب کا سفر کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ، اںڈونیشیا، ملائیشیا اور بھارت کے بعد اب فرانس کی مسلم کونسل نے بھی فرانسیسی مسلمانوں کو حج ادائیگی کی اجازت نہ دینے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس پھیلاو کے باعث رواں سال حج کے انعقاد کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔

اس حوالے سے سعودی حکومت کی جانب سے تاحال غور فکر کیا جا رہا ہے۔ جبکہ 4 ممالک نے فیصلہ کیا ہے کہ رواں سال شہریوں کو حج ادائیگی کی اجازت نہ دی جائے۔ ان ممالک میں انڈونیشیا، ملائیشیا، بھارت اور فرانس شامل ہیں۔ سب سے پہلے انڈونیشیا وہ ملک تھا جس نے اعلان کیا تھا کہ کرونا وائرس وبا کے پھیلاو کے باعث رواں سال اس کے شہریوں کو حج ادائیگی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جبکہ اس کے بعد بھارت اور پھر آج ملائیشیا اور فرانس نے بھی اعلان کر دیا کہ ان کے شہریوں کو کرونا وائرس پھیلاو کے پیش نظر رواں برس حج ادائیگی کیلئے سعودی عرب کا سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ دوسری جانب گلف نیوز نے برطانوی نشریاتی ادارے فائنانشل ٹائمز کا حوالے دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی حکام رواں برس کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے حج نہ کروانے پر غور کر رہے ہیں۔

فائنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے ایک آفسر نے بتایا ہے کہ کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اس لیے حج کے حوالے سے کئی امکانات پر غور کیا جارہا ہے اور یہ پہلو بھی زیرِ فور ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے شاید حج نہ کروایا جائے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو 1932 میں سعودی عرب کی آزادی کے بعد یہ ایسا پہلا موقع ہوگا کہ حج کا انعقاد نہیں ہوگا۔ بتایا جا رہا ہے کہ سعودی حکام حج ادائیگی کے حوالے سے تمام اسلامی ممالک سے مشاورت کرنے کے بعد ممکنہ طور پر 15 جون تک حتمی اعلان کر سکتے ہیں۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں