They are 100% FREE.

جمعرات، 5 مارچ، 2020

پاکستان میں کرونا وائرس کے چھٹے مریض کی تصدیق

پاکستان میں کرونا وائرس کے چھٹے مریض کی تصدیق کرلی گئی
کراچی : معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کورونا کے چھٹے مریض کی تصدیق کردی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چھٹے کورونا مریض کا تعلق کراچی سے ہے، کورونا وائرس کے چھٹے مریض کی حالت مستحکم ہے۔ دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے وزراء اعلیٰ کے ویڈیو لنک اجلاس کے بعد اپنے بیان میں کورونا کے چھٹے نئے مریض کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے مریض کے بعد اب تک ملک میں صرف 6 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اس موقع پر وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا کہ ہر کسی کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں۔ چند لوگوں کو ماسک پہننا چاہیے جن میں کورونا وائرس کی بیماری کے شکار افراد اور ڈاکٹرز اور صحت کا عملہ جو کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کر رہا ہو یا سخت کھانسی یا نزلہ زکام کے شکار افراد کو ماسک پہننا چاہئے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے وفاق ‘صوبے اور تمام ادارے مکمل تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ملکر عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ تمام زمینی راستوں اور ہوائی اڈوں پر سکریننگ کی جارہی ہے۔ گزشتہ روز 21 ہزار 360 مسافروں کی سکریننگ کی گئی جبکہ اب تک 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد مسافروں کی سکریننگ ہوئی۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں، اس حوالے سے ہسپتالوں میں علیحدہ کمرے مختص کئے ہیں۔ اسی طرح وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو سندھ اور کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز اور وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، اجلاس میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ کراچی میں ایک اور شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں