They are 100% FREE.

بدھ، 20 فروری، 2019

نیا پاکستان بھارت کے اعصاب پر سوار ہے،بھارت اپنی گیدڑبھبکیوں سے بین الاقوامی سرمایہ کاری میں تعطل پیدا نہیں کرسکتا : غلام سرور خان


اسلام آباد (ٹیکسیلا نیوزآن لائن) وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہاہے کہ پلوامہ حملے میں پاکستان کو ملوث کرنے کا ڈرامہ بھارت کی ریاستی نااہلی پر پردہ پوشی کی بھونڈی کوشش ہے،بھارت نے بغیر کسی  ثبوت کے  الزام پاکستان پر لگا دیا ،بھارتی ناعاقبت اندیشی علاقائی امن کے لئے خطرہ ہو سکتی ہے، نیا پاکستان بھارت کے اعصاب پر سوار ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل ہونے کی جسارت نہیں کر سکتی ،پاکستان ایک پرامن ملک ہے،ہم نے پاکستان سمیت پورے خطے میں امن و امان قائم کرنے کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں جس کی پوری دنیا معترف ہے ۔غلام سرور خان نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف ہماری افواج اور سول سوسائٹی نے بھرپور کردار ادا کیا ،پاکستان ہمیشہ پڑوسی ممالک کی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرتا ہے ، وزیراعظم نے پلوامہ واقعہ کی تحقیقات میں معاونت کی پیش کش کر کے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان پورے خطے میں امن چاہتا ہے ۔غلام سرور خان نے کہا کہ بھارت اپنی گیدڑبھبکیوں سے بین الاقوامی سرمایہ کاری میں تعطل پیدا نہیں کرسکتا، بھارت کو ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے ۔غلام سرور خان نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے سے مسلسل انکار کرکے بھارت نے اقوام متحدہ کی رِٹ کو چیلنج کیا ،نہتے کشمیریوں کا قتل ایک غیر ذمہ دارانہ ریاست ہی کرسکتی ہے، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کی پْر امن حل کے لئے عملی اقدامات کرے ۔غلام سرور خان نے کہا کہ نیا پاکستان نئی سوچ ہے دہشت گردی پر بھی بات کرنے کو تیار ہیں، مسئلہ کشمیر بات چیت سے ہی حل ہو گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں