They are 100% FREE.

جمعہ، 15 فروری، 2019

مولانا فضل الرحمان کا حکومت کیخلاف اسلام آباد دھرنے کا فیصلہ


خانیوال : جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بنانے والوں کوبرے حالات کا احساس ہوگیا ہے، جلد ایم ایم اے کی مشاورت سے اسلام آباد دھرنے کا اعلان کریں گے، شہبازشریف کی ضمانت خوش آئند ہے۔ انہوں نے آج خانیوال میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ حکومت بھیک مانگنے پرلگی ہے ایسے ملک نہیں چلتے۔
موجودہ لوگوں کو حکومت میں لانے والوں کو برے حالات کا احساس ہو چکا ہے۔ متحدہ مجلس عمل کے ساتھ مشاورت کے بعد حکومت کے خلاف اسلام آباد دھرنے کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف دل کے مریض ہیں۔ جبکہ ایک مریض نےعلاج کیلئے بیرون ملک جانا ہے مگر دوسری جانب این آر او کا شور مچایا جارہا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی ضمانت کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے پرخوش آمدید کہتا ہوں۔ واضح رہے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداریاور جمعیت علماء اسلام ف مولانا فضل الرحمن نے سیاسی لڑائی لڑنے کی مشترکہ حکمت عملی بھی تیار کرلی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری ملکر سیاسی لڑائی لڑیں گے۔ مولانافضل الرحمان اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔
جس میں ملکر حکومت کو ٹف ٹائم دینے اور اسلام آباد کی جانب ملین مارچ پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان اگلے مہینے مارچ میں ملین مارچ کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے۔ ملین مارچ جب اسلام آباد پہنچ جائے گا تو پھر طے کیا جائے گا کہ حکومت کیخلاف دھرنادینا ہے یا صرف احتجاج کے ذریعے ہی حکومت کو ٹف ٹائم دیا جائے۔ جمعیت علماء اسلام ف کے ملین مارچ میں اسلام آباد میں ن لیگ ، اے این پی ، پیپلزپارٹی ،سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتیں بھی شریک ہوسکتی ہیں۔ جس سے حکومت کو یقینا مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں