They are 100% FREE.

جمعرات، 29 اگست، 2019

کراچی میں موسلا دھار بارش، پانی میں ڈوبے شہر کے 400 فیڈرز ٹرپ، اکثر علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل

کراچی میں موسلا دھار بارش، پانی میں ڈوبے شہر کے 400 فیڈرز ٹرپ، اکثر علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل

کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث جل اور تھل ایک ہوگیا۔ بارش کے باعث ایک طرف جہاں پورا شہر پانی میں ڈوبا ہوا ہے وہیں روشنیوں کا شہر روشنی سے بھی محروم ہوچکا ہے۔ محکمہ موسمیات والے کہتے ہیں کہ جمعرات کو بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
 صدر ، گلستان جوہر، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاﺅن ، نیو کراچی، ایف بی ایریا، ناظم آباد،ابو الحسن اصفہانی روڈ اور گلشن اقبال سمیت دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث ہر طرف پانی ہی پانی بھرگیا۔
موسلا دھار بارش کے باعث گھارو گرڈ سٹیشن میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جبکہ بارش کے باعث 400فیڈرز بھی ٹرپ کرگئے جس کی وجہ سے آدھے سے زیادہ شہر کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ گلستان جوہر، ناظم آباد، صفورا گوٹھ، گلشن اقبال، ملیر، گلزار ہجری، شاہ فیصل کالونی، گلشن حدید، کورنگی، لانڈھی ، محمود آباد، ایف بی ایریا گلشن معمار، احسن آباد، اورنگی ٹاﺅن اور بلدیہ ٹاﺅن سمیت دیگر علاقے اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
موسلا دھار بارش کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے اور شارع فیصل پر بد ترین ٹریفک جام ہے۔بارش اور شہر کی صورتحال دیکھتے ہوئے آل سندھ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے جمعرات کو نجی سکولوں میں چھٹی کا اعلان کردیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ کو کراچی میں آندھی اور تیز ہواﺅں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔ آندھی کے دوران ہواﺅں کی رفتار 63 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ بارش کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہے گا تاہم صبح سے دوپہر تک ہلکی بارش ہوگی۔ جمعرات کی شام کو کراچی میں بارش کا ایک اور سپیل داخل ہوگا اور بادل خوب گرجیں برسیں گے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں