
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ہم گرینڈ الائنس کی طرف نہیں جارہے ، پیپلزپارٹی اکیلے بھی اپوزیشن کرسکتی ہے ، نیب اوردیگر ادارے دباﺅ میں کام کررہے ہیں، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ آصف زرداری کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور ان ملاقاتوں کے نتیجے میں ضرور کچھ نہ کچھ نکلتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی اکیلے بھی اپوزیشن کرسکتی ہے ، یہ حکومت نا تجربہ کار ہے ، یہ نہ وفاقی میں حکومت کرسکتے ہیں اورنہ پنجاب چلا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری تمام سیاستدانوں کو ساتھ لیکر چل سکتے ہیں ، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ آصف زرداری کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور ان ملاقاتوں کے نتیجے میں ضرور کچھ نہ کچھ نکلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی ایشوز کا سیاسی طور پر جواب دے رہے ہیں اور قانونی ایشوز کاقانونی طورپر جواب دے رہے ہیں، جے آئی ٹی رپورٹ جعلی ہے ، میں سیاستدانوں کو سیاسی جواب دوں گا اور ججز کو قانونی جواب دوں گا ۔
انہوں نے کہا کہ گرینڈ لائنس کی طرف نہیں جارہے ، ایشو ز پر سیاست کررہے ہیں، اس وقت نیب اوردوسرے ادارے حکومتی دباﺅ میں کام کررہے ہیں،حکومت کی کوئی کارکردگی نہیں ہے ، اس لئے وہ اپوزیشن کو دباﺅ میں لاکر اپوزیشن کو نشانہ بنا رہے ہیں، حکومت ہمارا مقابلہ الیکشن میں نہیں کرسکتی ہے ، اس لئے دباﺅ کا نشانہ بنا رہی ہے ، حکومت کے پاس دکھانے کیلئے کچھ نہیں ہے ،جے آئی ٹی رپورٹ میں آصف زرداری کی کردار کشی کی گئی ہے جس کومسترد کرتے ہیں، آصف زرداری کو بغیر کسی جرم کے گیارہ سال تک جیل میں ڈالا گیا، جے آئی ٹی سیاسی بنیادوں پر بنی ، اس میں وکلاءصفائی کا موقف ہے ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری عہد ے پر براجمان شخص کو غیر سیاسی ہونا چاہئے ، میں ایک سال کا تھا جب سے سن رہا ہوں کہ آصف زرداری کو گرفتار کررہے ہیں، ہم نظریاتی سیاستدان ہیں ، ہم دھمکیوں سے نہیں ڈرتے اورذوالفقار علی بھٹو کے دیئے ہوئے آئین کی حفاظت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی انجینئر نگ کرناچاہتی ہے ، اس وقت ٹرین کاسفر بھی مہنگا ہوگیاہے ،عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں، پیپلز پارٹی کوبدنام کرنے کی کوششیں ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر دور سے ہوتی رہی ہیں، حکومت کی کارکردگی ہے ہی نہیں، اتنی نااہل اور نالائق حکومت زندگی بھر نہیں دیکھی ۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں