They are 100% FREE.

جمعہ، 14 جون، 2019

حکومت احتساب نہیں ،سیاست کررہی ہے ،احتساب ہوا تو اسمبلیاں خالی اور جیلیں بھر جائیں گی:سینیٹر سراج الحق

گجرات :  امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت احتساب نہیں ،سیاست کررہی ہے ،اگر احتساب ہوتا تو قابل مواخذہ لوگ وزیر اعظم کے اردگرد نہ بیٹھے ہوتے ،احتساب ہوا تو اسمبلیاں خالی اور جیلیں بھر جائیں گی،حقیقی احتساب صرف جماعت اسلامی کرسکتی ہے،عوام احتساب چاہتے ہیں جبکہ حکمران احتساب کی آڑ میں مہنگائی کرکے عوام کا استحصال کررہیے ہیں،حکومت نے عوام کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں دیدیا ہے،جماعت اسلامی عوام کے استحصال اور مہنگائی کے ظلم کو مزید برداشت نہیں کرے گی ،جماعت اسلامی 16جون سے مہنگائی ،بے روز گاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کررہی ہے جس کا آغاز لاہور میں عوامی مارچ سے ہوگا۔
 گجرات میں جے آئی یوتھ شمالی پنجاب کے زیر اہتمام عید ملن اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آئی ایم ایف کی خواہش پر منتخب وزیر خزانہ کو ہٹا کر آئی ایم ایف کے نمائندے کو مسلط کردیا گیا ہے ،حکومت نے اپنے پہلے سال میں ہی سابقہ حکومتوں سے زیادہ قرض لیکر ایک ریکارڈ قائم کیا ہے اور موجودہ اور آنے والی نسلوں کو آئی ایم ایف کی غلامی میں دیدیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بھی ویسا ہی بجٹ بنایا ہے جو سابقہ حکومتیں بناتی تھیں کیونکہ بجٹ بنانے والے سابقہ حکومتوں کے ہی لوگ ہیں ،عوام نے تبدیلی کا جوخواب دیکھا تھا وہ چکنا چور ہوچکا ہے ،مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں زمانہ طالب علمی سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی حکومتیں دیکھ رہا ہوں،حکمرانوں کے تو اندرون و بیرون ملک عالی شان محل بن گئے ہیں مگر عوام کی حالت نہیں بدلی،عوام آج بھی تعلیم ،صحت اور روز گارجیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام اس وقت شدید آزمائش اور مصیبت کا شکار ہیں۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے عوام اسلام پسند ہیں اور ملک میں قرآن و سنت کا نظام چاہتے ہیں مگر عالمی طاغوتی قوتوں کے خوف سے حکمران ملک کے آئین کی اسلامی دفعات پر عمل نہیں کررہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفی ﷺکے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے ،عالمی استعمارپاکستان میں غلبہ دین کی جدوجہد کو ناکام بنانا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے بیت اللہ میں اعتکاف کے دوران اپنے اللہ اور پاکستان کے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ زندگی کے آخری سانس تک ملک میں غلبہ دین کی جدوجہد کو جاری رکھوں گا۔انہوں نے کہا کہ عوام نے سابقہ اور موجودہ حکومتوں کو دیکھ لیا ان میں سے کوئی بھی عوام کے مسائل کا حل نہیں کرسکا اب قوم کو متحد ہوکر ملک میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا چاہئے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں