They are 100% FREE.

اتوار، 16 جون، 2019

پاک سوزوکی موٹرز نے660 سی سی آلٹو متعارف کرادی، ایئربیگز، الیکٹرک شیشوں سمیت

اسلام آباد : پاک سوزوکی موٹرز نے پاکستان میں اپنی نئی 660 سی سی آلٹو متعارف کرادی۔ گاڑی کی لانچنگ تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس کے بعد پاکستان کے 95 شہروں میں اس گاڑی کو سوزوکی کے شورومز پر کھڑا کیا جائے گا جہاں کسٹمرز اس کی ٹیسٹ ڈرائیو کر سکیں گے۔
پاک سوزوکی موٹرز کی جانب سے اپنی نئی 660 سی سی آلٹو کو متعارف کرانے کیلئے پاک چین فرینڈ شپ سنٹر اسلام آباد میں لنچ کا اہتمام کیا گیا۔ سوزوکی نے یہ نئی گاڑی پاکستانی کسٹمرز کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر بن قاسم پلانٹ کراچی میں تیار کی ہے۔ اس کا ڈیزائن ایسا ہے جس کے باعث یہ وزن میں ہلکی لیکن پائیداری میں اپنی مثال آپ ہے۔
آلٹو 660 سی سی میں آر سیریز کا انٹرنیشنل ٹرینڈ کا انجن لگایا گیا ہے جو نہ صرف گاڑی کی ایوریج کو بڑھادیتا ہے بلکہ ڈرائیونگ کا بھی الگ ہی لطف دیتا ہے۔
پاک سوزوکی موٹرز نے اپنی نئی گاڑی میں سیفٹی پر خصوصی توجہ دی ہے اور فرنٹ کی سیٹوں پر ایئر بیگز دیے گئے ہیں تاکہ ناگہانی صورتحال میں انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے ۔ یہ پاکستان میں تیار ہونے والی پہلی گاڑی ہے جس میں ایئر بیگز متعارف کرائے گئے ہیں۔
سوزوکی کی اس گاڑی کو سمارٹ کار بھی کہا جاسکتا ہے کیونکہ اس میں الیکٹرانک پاور سٹیرنگ ، الیکٹرک ونڈوز ، الیکٹرک سائڈ ویو مرر، ٹچ سکرین اور ملٹی میڈیا پلیئربھی نصب کیا گیا ہے ۔ صرف یہی نہیں بلکہ گاڑی کی تین سالہ یا 65 ہزار کلومیٹر تک کی گارنٹی بھی ہے ۔
اسلام آباد میں ہونے والی تقریب رونمائی کے بعد بہت جلد پاک سوزوکی اپنی نئی آلٹو 660 سی سی کو 95 شہروں میں اپنے 165 شورومز پر کھڑی کرے گا جہاں کسٹمرز نہ صرف اس گاڑی کو دیکھ سکیں گے بلکہ اس کی ٹیسٹ ڈرائیو سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔
سوزوکی موٹر کارپوریشن کے گلوبل مارکیٹنگ ایڈوائزر شوجی اوشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کی اہم ترین مارکیٹ ہے جو گزشتہ دو دہائیوں سے سوزوکی کی 50 فیصد سے بھی زائد پراڈکٹس کا کنزیومر ہے۔ جاپان کا پرائیویٹ شعبہ مستقبل میں بھی پاکستان میں اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتا ہے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک سوزوکی موٹر کمپنی کے ایم ڈی اور سی ای او ماسافومی ہارانو نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت ہے جہاں آٹو موبائل انڈسٹری کیلئے بہت سے مواقع ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں