
لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیرون ملک روانگی منسوخ ہو گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیرون ملک روانگی منسوخ کر دی گئی، قطر ائیرویز کی پرواز 629 سے نواز شریف کی ٹکٹیں کینسل کر دی گئی ہیں۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر بدستور موجود ہے جس کی وجہ سے ان کی ٹکٹ کینسل ہوئی جبکہ دوسری جانب حکومت اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کر سکی ۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کے بیرون ملک جانے کے لیے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف کو لندن پہنچتے ہی سیدھے مرکزی لندن کے ایک نجی اسپتال میں داخل کروانے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے جہاں ان کی طبی ٹیم کو بھی تیار رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
لندن میں موجود پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کو اُسی اسپتال میں داخل کروانے کے انتظامات کیے گئے ہیں جہاں وہ ماضی میں بھی زیرِ علاج رہ چکے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایک دن پہلے اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دی گئی، ڈاکٹرز بار بار ہائی ڈوز نہیں دے سکتے، طبی ماہرین پلیٹ لیٹس بڑھانے کی کوشش میں نقصان کا خطرہ مول لینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ پلیٹ لیٹس میں کمی پر ڈاکٹرز کی تشویش بڑھ گئی ہے، معالجین کے مطابق گزرتے وقت کے ساتھ خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف جاتی امرا بڑے بھائی کی خیریت دریافت کرنے پہنچے جہاں ڈاکٹر نے اپوزیشن لیڈر کو ان کے بڑے بھائی کی صحت کے متعلق بریفنگ بھی دی۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک لے جانا ناگزیر ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں