
لاہور: وزیر اعظم عمران خان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے درمیان سوشل میڈیا پر ’’لفظی جنگ‘‘ شروع ہو گئی ،وزیر اعظم کے ٹویٹ پر مسلم لیگ ن کے صدر نے ایسا جوابی ٹویٹ کر دیا کہ خواجہ آصف بھی عش عش کر اٹھے ۔
یہ بھی ضرور پڑھیں : ملکی خزانے کو لوٹنے والوں کو پکڑ کر مال مسروقہ برآمد کرنے کی ٹھان لی ھے ۔ وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ آنحضرت ﷺنے فرمایا تم سے پہلےکئی قومیں تباہ ہوئیں جہاں طاقتور کے لیے ایک قانون اور کمزور کے لیے دوسرا قانون تھا۔
وزیر اعظم عمران خان کے اس ٹویٹ پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف میدان میں آئے اور جوابی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ سے بالکل متفق ہوں, بدقسمتی سے حال ہی میں حکمرانوں کے بنی گالہ محل ریگولر ہو گئے جبکہ غریبوں کی جھونپڑیاں رات و رات گرا دی گئی, اللہ ہمیں قول و فعل کے تضاد سے بچائے اور سیدھی راہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے‘‘۔وزیر اعظم عمران خان کے ٹویٹ پر شہباز شریف کے جوابی ٹویٹ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ایک نئی بحث کا آغاز کر دیا ہے اور دونوں بڑی سیاسی شخصیات کے حمایتی اپنے اپنے انداز میں ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنانے میں مصروف ہیں ۔ جبکہ مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ محمد آصف نے بھی سوشل میڈیا پر شہباز شریف کی ٹویٹ کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی ٹویٹ پر شہباز شریف کا بہترین جواب۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے حمزہ شہباز کی گرفتاری نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
جس پر انہوں نے اپنے ٹویٹ میں انصاف اور قانون کی حکمرانی کیلئے احادیث نبوی ﷺ کا حوالہ بھی دیا۔ یاد رہے نیب کی ٹیم حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے ان کے گھر گئی لیکن مسلسل چار پانچ گھنٹوں تک وہاں موجود رہی اور گرفتار نہیں کرسکی۔ اسی دوران لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے حکم جاری کیا گیا کہ حمزہ شہباز کو 8 اپریل تک گرفتار نہ کیا جائے۔لاہور ہائیکورٹ میں حمزہ شہباز کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی۔ عدالت نے حمزہ شہباز کی درخواست 8 اپریل بروز پیر کو سماعت کے لیے مقرر کر لی۔ مقدمات کی سماعت نہ ہونے کے باعث حمزہ شہباز کے وکلا نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے ملاقات کی اور معاملے سے آگاہ کیا۔



کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں