
لاہور : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی محمد مالک نے کہا کہ حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی بجائے ڈھائی ارب روپے کا معاملہ زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ محمدمالک نے پروگرام میں انکشاف کیا کہ بیرون ملک سے پیسے آئے جنہیں حمزہ شہبازاور خاندان کے دیگرلوگوں نے استعمال کیا ہے۔
یہ بھی ضرور پڑھیں :معیشت چندے، حکومت چابی اور ملک جادو سے نہیں چلتا، بزدل وزیر اعظم اپوزیشن کیلئے شیر بنا پھرتا ہے: بلاول بھٹو زرداری
انہوں نے کہا کہ نیب کا کہنا ہے جن شناختی کارڈزکو استعمال کیا گیا ہے وہ لوگ کبھی باہر نہیں گئے البتہ ان کے شناختی کارڈ باہر گئے ہیں۔ سینئر صحافی محمد مالک کا کہنا تھا کہ حکومت نے اسکیم کا نام ایمنسٹی نہیں بلکہ اثاثے ظاہرکرنے کی اسکیم رکھا ہے۔ محمد مالک نے کہا کہ جب محمود خان کو وزیراعلی خیبرپختونخوا بنانے کا فیصلہ ہوا تو یہ تاثر دیا گیا کہ جیسے انہیں پرویزخٹک نے وزیراعلیٰ بنوایا ہے لیکن عمران خان نے کہا کہ اگر پرویزخٹک کے کہنے پربنانا ہوتا تو اسے ہی وزیراعلی رہنے دیتا۔
محمد مالک کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان سے بھی کہا کہ آپ کو وزیراعلیٰ میں نے بنایا ہے کسی اور نے نہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ روز شہباز شریف کی لاہور کے علاقہ ماڈل ٹاؤن میں موجود رہائش گاہ 96 ایچ پر چھاپہ مارا۔ اس موقع پر نیب ٹیم کے ہمراہ پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔ نیب ٹیم کے چھاپے کے وقت شہباز شریف اور حمزہ شہباز گھر پر ہی موجود تھے۔
نیب کی ٹیم کے پاس حمزہ شہباز کے وارنٹ گرفتاری بھی موجود تھے لیکن اس کے باوجود شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ایک گھنٹہ رکنے کے باوجود نیب کی ٹیم کسی گرفتاری کے بغیر ہی واپس لوٹ گئی تھی۔ جبکہ آج بھی نیب کی ٹیم شہباز شریف کی رہائش گاہ کے باہر پہنچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آج حمزہ شہباز کی گرفتاری کا قوی امکان ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں