
چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ مارچ میں ماسک ملنا محال ہو گیا تھا، اس کی قیمت پچاس روپے سے زیادہ ہو گئی تھی، ماسک باہر ممالک کو اسمگل ہو گئے تھے جس کے باعث ملک میں ماسک کی خریداری مشکل بن گئی تھی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ این ڈی ایم اے نے 154 ٹن طبی سامان چین سے منگوانے کے لیے 11 پروازیں چلائیں، پی آئی اے اور ایئر فورس کے جہاز باہر سے سامان لائے، چین سے چیزیں مڈل ایسٹ اور یورپ کے ممالک نے آرڈر دے دیے، چین میں طبی سامان کی خریداری میں ہمیں دشواری ہونے لگی تھی۔
لیفٹیننٹ جنرل محمدافضل نے کہا ہے کہ وینٹیلیٹر کے علاوہ سب طبی سامان اب پاکستان میں بننے لگا ہے، اب ہم سارا طبی سامان پاکستان میں بنا رہے ہیں، آنے والے دنوں میں ہم اتنی چیزیں بنالیں گے کہ باہر سے نہ لانی پڑیں ۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ این 95 کا ماسک اب پاکستان میں ڈھائی سو روپے میں مل رہا ہے، عام ماسک کی قیمت پاکستان میں نو روپے پر آچکی ہے، این ڈی ایم اے کو جو پیسے دیے گئے تھے اب تک صرف آدھے خرچ ہوئے ہیں۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے نے سب سے زیادہ پیسہ چین بھیجا، چین میں سفارت خانے میں چین سے خریداری کے لیے بھی کمیٹی قائم کی، خریداری کی کمیٹی ہر چیز پر مزاکرات کر کے خریداری کرتی ہیں، کوشش کی گئی کہ خریدی گئی ہر چیز شفاف ہو اور سامان پائیدار ہو، خریداری کی تمام تفصیلات ویب سائٹس پر موجود ہیں ۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں پی پی ایز سے متعلق صورت حال زیادہ خراب نہیں ہے، پی پی ایز کے سوٹ کو آئی ایس او کے معیار کے مطابق دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے سامان کی خریداری کے لیے مقامی سطح پر ٹینڈر کیا، مینوفیکچرز کو کہا کہ وہ سامان پر این ڈی ایم اے کا مونو گرام بنائیں تاکہ وہ بک نہ سکے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ پی پی آئی 64 ڈالرز کی تھی اب مقامی طور پر 5 سو کا ہے اور چین سے آنے والا این 95 ماسک ڈھائی سو روپے میں ملنا شروع ہو گیا ہے جبکہ سرجیکل ماسک 9 روپے کا ہو گیا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ہمارے پاس اب ایک مہینے کا طبی سامان موجود ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضل نے مزید کہا ہے کہ حاجی کمیپ اسلام آباد میں قرنطینہ سینٹر اور اسٹریٹجک رسپانس کمیٹی قائم کی گئی ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں